لکھیم پور کھیری: پولیس کے یہاں ایک دھاوئے کے بعد فوت ہوجانے والے شخص کے ارکان خاندان نے بعض پولیس ملازمین کے خلاف کارروائی کرنے کامطالبہ کیاہے اور الزام عائد کیاہے کہ اس کی موت پولیس تحویل میں ہوئی ہے۔
پولیس نے ان کے دعوؤں کی تردید کرتے ہوئے کہاکہ وہ گینگسٹر ایکٹ کے تحت ملزم تھا اور پیر کی رات دھاوئے کے دوران پولیس سے بچ کر فرار ہونے کے دوران ڈھیر ہوگیاتھا۔ ڈی ایس پی کا ایک ویڈیو منظر عام پر آیاہے جس میں وہ متوفی شخص کے سوگوار کے ارکان خاندان سے گفتگو کررہے ہیں۔
اس ویڈیو میں لکھیم پور کے ڈی ایس پی’پی پی سنگھ‘ نے کہاکہ اس واقعہ کے سلسلہ میں پولیس عہدیداروں کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی جائے گی۔ نگہسان پولیس اسٹیشن کے ایس ایچ او یا مجگہین پولیس اسٹیشن کے ایس ایچ او کو معطل نہیں کیا جائے گا۔
آپ لوگوں کو 30 لاکھ روپئے معاوضہ بھی نہیں ملے گا۔ آپ جو کرناچاہتے ہیں کرلیں اور جتنے دن چاہیں لاش کو اپنے پاس رکھیں۔ ارکان خاندان نے اس واقعہ کی تحقیقات اور مناسب معاوضہ کی ادائیگی تک آخری رسومات ادا کرنے سے انکار کردیاہے۔
سماج وادی پارٹی سربراہ اکھلیش یادو نے بھی اپنے سوشل میڈیا اکاونٹ پر یہ ویڈیو شیر کیا اور حکمراں بی جے پی کو ”دل سے محروم“ جماعت قرار دیا۔ 35 سالہ رامچندر کے ارکان خاندان کے مطابق پولیس نے اسے پیر کی رات غیر قانونی شراب بنانے کے الزام میں گرفتار کیاتھا۔رامچندر نے بے قصور ہونے کادعوی کیاتھا۔ اس کے باوجود اسے پولیس تحویل میں رکھاگیاتھا جہاں اس کی صحت تیزی سے بگڑ گئی۔ بعدازاں پولیس اسے ایک ہیلتھ سنٹر لے گئی تھی جہاں اسے مردہ قرار دیدیاگیا۔