بی جے پی رکن اسمبلی نتیش رانے نے جمعہ کے روز سانگلی ضلع میں منقعد ’ہندو گرجنا سبھا‘ کو خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’’ہاں، ہم ای وی ایم کے رکن اسمبلی ہیں، لیکن ای وی ایم کا مطلب ہے ہر ووٹ مُلّا کے خلاف۔‘‘
مہاراشٹر حکومت میں ماہی پروری و بندرگاہ کے وزیر نتیش رانے نے ایک بار پھر اقلیتی طبقہ سے متعلق انتہائی متنازعہ بیان دیا ہے۔ بی جے پی لیڈر نے اس مرتبہ ای وی ایم (الیکٹرانک ووٹنگ مشین) کو ہدف تنقید بنانے والی اپوزیشن کی کارروائیوں پر اپنا سخت رد عمل ظاہر کیا ہے۔ انھوں نے کہا ہے کہ ’’ای وی ایم کا مطلب ہے ’ہر ووٹ مُلّا کے خلاف‘ (ایوری ووٹ اگینسٹ مُلّا)۔‘‘
کنک ولی سے بی جے پی رکن اسمبلی نتیش رانے نے جمعہ کے روز سانگلی ضلع میں منعقد ’ہندو گرجنا سبھا‘ سے خطاب کرتے ہوئے یہ متنازعہ بیان دیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ ’’ہاں، ہم ای وی ایم کے رکن اسمبلی ہیں، لیکن ای وی ایم کا مطلب ہے ہر ووٹ مُلّا کے خلاف۔‘‘ حیرانی تو یہ ہے کہ اسی تقریب میں بی جے پی رکن اسمبلی سریش کھاڈے نے بھی حیران کرنے والا بیان دیا۔ انھوں نے کہا کہ ’’ہم منی پاکستان سے 4 مرتبہ منتخب ہوئے۔‘‘
بہرحال، سانگلی ضلع میں منعقد ’ہندو گرجنا سبھا‘ کو خطاب کرتے ہوئے نتیش رانا نے کہا کہ سبھی اپوزیشن پارٹیاں ای وی ایم کے نام پر چیخ رہے ہیں۔ وہ ای وی ایم کو قصوروار ٹھہرا رہے ہیں، لیکن وہ اس سچائی کو ہضم نہیں کر پا رہے ہیں کہ ہندو طبقہ نے متحد ہو کر ووٹ کیا ہے۔ وہ یہ نہیں سمجھتے ہیں کہ ہندو طبقہ نے متحد ہو کر ووٹ کیا ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔