ٹرین کی پٹریوں پر PUBG کھیلتے ہوئے تین نوجوانوں کی المناک موت
پٹنہ۔ریاست بہار میں پٹنہ کے مغربی چمپارن ضلع میں پیش آنے والا یہ دل دہلا دینے والا واقعہ نوجوان نسل کی بے توجہی اور موبائل گیمز کی لت کا ایک افسوسناک نتیجہ ہے۔ تین نوجوان فرقان عالم، سمیر عالم، اور حبیب اللہ انصاری جو نارکٹیہ گنج-مظفر پور ریلوے ٹریک پر بیٹھ کر PUBG گیم کھیل رہے تھے ٹرین کی زد میں آ کر ہلاک ہوگئے۔
یہ حادثہ اس وقت پیش آیا جب تینوں نوجوان ریلوے پٹریوں پر بیٹھے تھے اور کانوں میں ایئر فونز لگائے ہوئے تھے۔ پولیس کے مطابق وہ ٹرین کے قریب آنے کا احساس نہیں کر سکے کیونکہ گیم اور ایئر فونز نے ان کی توجہ مکمل طور پر اپنی گرفت میں لے لی تھی۔ ٹرین نے انھیں ٹکر دے دی اور وہ موقع پر ہی ہلاک ہو گئے۔
مرنے والوں کے ارکان خاندان پر یہ خبر برق بن کر گری۔ مقامی لوگوں نے بھی اس واقعہ پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ حادثہ نوجوانوں کی گیمز کی طرف حد سے زیادہ دلچسپی اور بے لاپرواہی کا نتیجہ ہے۔اس طرح کے واقعات تیزی سے بڑھ رہے ہیں۔ چند ماہ قبل، ایک نوجوان دہلی کے قریب ریلوے پٹری پر سیلفی لینے کی کوشش میں اپنی جان گنوا بیٹھا تھا۔ اسی طرح مدھیہ پردیش میں ایک اور نوجوان ٹرین کے قریب گیم کھیلتے ہوئے حادثے کا شکار ہوا۔
یہ واقعات اس بات کی نشاندہی کرتے ہیں کہ موبائل گیمز کا جنون جان لیوا ثابت ہورہا ہے۔ماہرین کے مطابق اس طرح کے واقعات کا اہم سبب نوجوانوں میں ڈیجیٹل گیمز کی لت اور خطرات سے لاعلمی ہے۔ والدین اور اساتذہ کو چاہیے کہ وہ بچوں کو اس طرح کی سرگرمیوں کے نقصانات سے آگاہ کریں اور ان کی توجہ تعمیری سرگرمیوں کی طرف مبذول کرائیں۔
یہ واقعہ معاشرے کے لیے ایک لمحہ فکریہ ہے۔ ضرورت اس بات کی ہے کہ ہم اپنی نوجوان نسل کو نہ صرف ان کے وقت کی قدر سکھائیں بلکہ ان کی حفاظت کے لیے سخت اقدامات بھی کریں۔ اس سانحہ نے ایک بار پھر یہ یاد دلایا ہے کہ موبائل گیمز میں حد سے زیادہ دلچسپی جان لیوا ثابت ہو سکتی ہے۔