حیدرآباد۔ حیدرآباد سے شبری ملا جانے والے ایپّا سوامیوں کی بس حادثہ کا شکار ہوگئی۔ یہ حادثہ کیرالہ میں پیش آیا۔ شبری مالا گھاٹ روڈ پر بس بے قابو ہوکر الٹ گئی۔ حادثے کے نتیجہ میں بس ڈرائیور موقع پر ہی ہلاک ہوگیا جبکہ کئی ایپا بھکت شدید زخمی ہوگئے۔ پولیس کو اطلاع ملتے ہی وہ موقع پر پہنچ گئی اور امدادی کارروائیاں شروع کیں۔ زخمیوں کو کوٹایم میڈیکل کالج منتقل کردیا گیا۔
رپورٹس کے مطابق بس میں حادثے کے وقت 30 افراد سوار تھے۔ حیدرآباد کے پرانے شہر کے علاقوں مادناپیٹ اور اپو گوڑہ سے تعلق رکھنے والے ایپّا سوامی ایک خانگی بس کے ذریعہ شبری ملا جارہے تھے۔ حادثہ اُس وقت پیش آیا جب ایرومیل سے پمپا ندی کی جانب جاتے ہوئے ندی سے تقریباً 15 کلومیٹر کے فاصلہ پر گھاٹ روڈ کے ایک موڑ پر بس بے قابو ہوکر الٹ گئی۔
بس تین درختوں سے ٹکرائی جس کی وجہ سے بس کھائی میں کرنے سے محفوظ رہ گئی ورنہ بہت زیادہ جانی نقصان کا خدشہ تھا۔ اس حادثہ میں بس کا ڈرائیور موقع پر ہی ہلاک ہوگیا جبکہ بس میں موجود بھکت زخمی ہوگئے۔