نئی دہلی (پی ٹی آئی) عام آدمی پارٹی سربراہ اروند کجریوال نے اتوار کے دن اعلان کیا کہ مکھیہ منتری مہیلا سمان یوجنا کل سے شروع ہوجائے گی۔
اِس اسکیم کے تحت شہر دہلی کی عورتوں کو ماہانہ ایک ہزار روپیوں کی مالی امداد ملے گی۔
سال 2024-25ء کے بجٹ میں حکومت ِ دہلی نے 18سال سے اوپر کی عمر کی تمام عورتوں کو ماہانہ ایک ہزار روپے دینے کی اس اسکیم کا اعلان کیا تھا تاہم کجریوال نے حال میں اعلان کیا کہ اسمبلی انتخابات کے بعد اگر ان کی پارٹی پھر برسراقتدار آتی ہے تو یہ رقم بڑھاکر 2100 روپے کردی جائے گی۔
دہلی میں اسمبلی الیکشن آئندہ سال فروری میں ہونے والا ہے۔ پریس کانفرنس سے خطاب میں کجریوال نے کہا کہ اسکیم کے لئے رجسٹریشن کل سے شروع ہوجائے گا اور اِس کے لئے عورتوں کو کہیں جانے کی ضرورت نہیں ہوگی۔
ہمارے رضاکار گھر پر آئیں گے اور رجسٹریشن کی کارروائی مکمل کریں گے۔ عورتوں کو اپنا ووٹر آئی ڈی کارڈ دکھانا ہوگا۔ دہلی میں ووٹ ڈالنے کی اہل تمام عورتوں کو اِس اسکیم کا فائدہ ملے گا۔ کجریوال نے یہ بھی اعلان کیا کہ سنجیونی یوجنا بھی کل سے شروع ہوجائے گی اور عمر رسیدہ لوگ گھر پر اپنا رجسٹریشن کراسکیں گے۔
عام آدمی پارٹی کے رضاکار گھروں پر آئیں گے۔ عام آدمی پارٹی تیسری مرتبہ برسراقتدار آنے کی کوشش میں ہے۔ پچھلے الیکشن میں اس نے دہلی اسمبلی کی 70کے منجملہ 62 نشستیں جیتی تھیں۔