[]
ممبئی: ممبئی کے ساحل پر ایک افسوسناک کشتی حادثہ میں 13 افراد کی جانیں گئیں، جن میں 10 مسافر اور 3 نیوی اہلکار شامل ہیں۔ یہ واقعہ 3:50 بجے اس وقت پیش آیا جب نیلکمل کشتی کی ٹکراو نیوی کی کشتی سے ہوئی۔ ریسکیو آپریشن فوری طور پرہندوستانی کوسٹ گارڈ، نیوی اور مقامی حکام کی جانب سے شروع کیا گیا۔
اب تک 13 افراد کی ہلاکت کی تصدیق ہو چکی ہے، اور دو دیگر افراد شدید زخمی ہیں۔ خوش قسمتی سے تقریباً 101 افراد کو کامیابی سے بچا لیا گیا ہے۔ بچائے گئے افراد کو اس وقت حکام کی جانب سے امداد اور حمایت فراہم کی جا رہی ہے۔
مہاراشٹر کے چیف منسٹر دیویندر فڈنویس نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا، “یہ تصادم نیلکمل کشتی اور نیوی کی کشتی کے درمیان 3:50 بجے ہوا۔ اب تک 13 افراد کی موت ہو چکی ہے، جن میں 10 مسافر اور 3 نیوی کے اہلکار شامل ہیں۔ دو افراد شدید زخمی ہیں۔ تقریباً 101 افراد کو محفوظ طور پر بچایا گیا ہے۔ ریسکیو آپریشن تیزی سے کیا گیا تاکہ خطرے میں مبتلا افراد کو بچایا جا سکے۔ اس واقعے کی حتمی تفصیلات کل صبح تک فراہم کر دی جائیں گی۔”
اس کے علاوہ، وزیر اعلیٰ فڈنویس نے اعلان کیا کہ حادثے میں جاں بحق افراد کے خاندانوں کو چیف منسٹر رلیف فنڈ سے 5 لاکھ روپے مالی امداد دی جائے گی۔ حکام اس تصادم کی وجہ کے بارے میں مزید تفصیلات حاصل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں اور تحقیقات کے دوران مزید معلومات فراہم کی جائیں گی۔