حیدرآباد: حضرت مولانا حافظ پیر شبیر احمد صاحب دامت برکاتہم صدر جمعیۃ علماء تلنگانہ و آندھراپردیش کی سرپرستی میں جمعیۃ علماء ضلع میدک کا تربیتی و مشاورتی اجلاس 9/جنوری بروز جمعرات 3:30بجے شام مدرسہ مفتاح العلوم نرساپور میں منعقد ہوا۔
مہمان خصوصی کی حیثیت سے حرکیاتی قائد محترم حافظ پیر خلیق احمد صابر صاحب مدظلہ جنرل سکریٹری جمعیۃ علماء تلنگانہ و آندھرا نے شرکت کی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے حافظ پیر خلیق احمد صابر صاحب نے کہا کہ جمعیۃ علماء کسی بھی سیاسی جماعت کی تائید کی پابند نہیں۔
جمعیۃ علماء کے قائدین کے یہاں قوم وملت کا مفاد عزیز ہے۔ مسلمانوں کی دینی‘ ملی‘ سماجی‘سیاسی‘ تعلیمی‘ اقتصادی ترقی جمعیۃ علماء کا نصب العین ہے۔ نہ کوئی طاقت جمعیۃ علماء کو خوفزدہ کرسکتی ہے اور نہ ہی کوئی لالچ جمعیۃ علماء کے قائدین کواپنے راستہ سے ہٹا سکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ جب جمعیۃ نے طئے کیاتھا کہ ریاست میں حکومت کو بدلنا ہے تو ہم نے حکومت کو بدل کردکھایا۔اب جمعیۃ نے طئے کیا ہے کہ حکومت سے ہمارے مطالبات منواناہے تو اس ضمن میں ہم نے اب جدوجہد شروع کی اور اس مقصد کے تحت ایک زبردست جلسہ عام اپریل میں حیدرآباد میں منعقد ہوگا جس میں لاکھوں کی تعداد میں مسلمان شرکت کرتے ہوئے اپنی طاقت کا مظاہرہ کریں گے اور اپنے مطالبات منوانے کیلئے حکومت پر دباؤ ڈالیں گے۔
جنرل سکریٹری ریاستی جمعیۃ علماء نے کہا کہ اس مرکزی اجلاس عام سے پہلے تمام اضلاع میں اجلاس منعقد کئے جائیں گے اور عوام خصوصاً اقلیتوں میں شعور بیدار کیا جائے گا۔ اس سلسلہ کی پہلی کڑی کے طور پر متحدہ ضلع میدک کا اجلاس عام 17/جنوری کو کوہیر میں منعقد ہوگا جس میں مہمان خصوصی کے طور پر حضرت مولانا مفتی سید سلمان صاحب منصورپوری دامت برکاتہم شرکت کرینگے جسکی صدارت پاسبان ملت حضرت حافظ پیر شبیر احمدصاحب دامت برکاتہم کرینگے۔
حافظ پیر خلیق احمد صابر نے کہا کہ حکومت سے ہمارے مطالبات میں اہم مطالبات یہ ہیں کہ مسلمانوں کو آبادی کے تناسب کے اعتبارسے اسمبلی‘کونسل‘ ادارہ جات مقامی اور نامزد عہدوں پرنمائندگی دی جائے۔ ہیٹ کرائم اور ہیٹ تقاریر کے خلاف اسمبلی میں بل پیش کیاجائے اورکسی بھی مذہب اورمذہبی پیشواکیخلاف بیان بازی‘ بکواس اور گستاخی کیخلاف سخت قانون بنایا جائے۔
اوقافی جائیدادوں کا تحفظ اور اسکی صیانت کی جائے۔ مذہبی عبادتگاہوں سے متعلق 1991عبادت گاہ قانون کے طرز پر اسمبلی میں بھی قانون سازی کی جائے۔قبل ازیں جنرل سکریٹری حافظ پیر خلیق احمد صابر نے پروجیکٹر پر پریزنٹیشن کی ذریعہ جمعیۃ علماء کے تمام شعبہ ہائے جات کا تعارف‘ کارکردگی اور طریقہ کار کو تفصیل سے بیان کیا اور جمعیۃ کی رکنیت سازی کی اہمیت اور ضرورت پر بھی تفصیلی روشنی ڈالی۔
مولانا قاضی محمد مسیح الدین صدر جمعیۃ علماء ضلع میدک نے اجلاس کے آغاز پر اجلاس کے اغراض ومقاصدکوبیان کرتے ہوئے تمام شرکاء کا استقبال کیا اور انکی آمد پر شکریہ اداکیا۔ اجلاس کا آغاز حافظ وقاری شیخ منیر کی قراء ت کلام پاک سے ہوا۔
جنرل سیکریٹری جمعیۃ علماء ضلع میدک حافظ محمد قطب الدین نے اجلاس کی کاروائی چلائی آخر میں حافظ محمد اسماعیل اشرفی کی رقت انگریز دعاء پر اجلاس کا اختتام عمل میں آیا۔اجلاس میں ضلعی جمعیت کے نائب صدور محترم سید ربانی صاحب‘ محترم مفتی سلطان صاحب‘ مولاناسید عظیم الدین سبیلی کے علاوہ ذمہ داران محترم محمد ہاشم علی‘ حافظ محمد ذکی الدین‘ حافظ محمدامتیاز‘ مولانا منظورحسین‘ مفتی عبدالباری‘ حافظ محمد فاروق‘حافظ محمد عبدالجبارخان‘ مولانا سید عظیم الدین حسامی‘حافظ محمد ربانی‘ مولانا محمد بشیر خان اشرفی‘حافظ محمد سلمان خان‘ مفتی عبدالحمید شاکر‘ مولانا عاصم‘مفتی محمد جابر‘ شرف اللہ خان صاحب‘ حافظ محمد عظیم الدین صاحب‘حافظ محمد شاداب‘ حافظ محمد نواز‘حافظ محمد امتیاز‘ حافظ محمد عبدالرحمن‘محمد آصف‘حافظ محمد عبدالرحیم‘کے علاوہ دیگر ذمہ داران اور کارکنان کی کثیر تعداد موجود تھے۔