پرانے شہر میں میٹرو پروجیکٹ، حصول اراضی کا عمل تیزی سے جاری

[]

حیدرآباد: پرانے شہر میں حیدرآباد میٹرو ریل پروجیکٹ کیلئے حصول اراضی کا عمل تیزی کے ساتھ جاری ہے۔ ایم جی بی ایس (مہاتما گاندھی بس اسٹیشن، املی بن) سے چندرائن گٹہ تک تقریباً ساڑھے سات کیلو میٹر طویل میٹرو پروجیکٹ کیلئے اراضیات کے حصول کا عمل سرعت کے ساتھ جاری ہے۔

تلنگانہ کے چیف منسٹر اے ریونت ریڈی کی ہدایات کے مطابق نشاندہی کردہ 1100متاثرہ املاک کے حصول کا عمل سرگرمی کے ساتھ جاری ہے۔ حیدرآباد ایر پورٹ میڑو لمیٹڈ (ایچ اے ایم ایل) کے منیجنگ ڈائرکٹر این وی ایس ریڈی نے یہ بات کہی۔ این وی ایس ریڈی اور ضلع کلکٹر حیدرآباد انودیپ درشٹی حصول اراضی کے عمل کا مسلسل جائزہ لے رہے ہیں۔

 منیجنگ ڈائرکٹر میٹرو لمیٹڈ نے کہا کہ مطلوبہ900 جائیدادوں (پراپرٹیز) کی ایک فہرست پہلے ہی ضلع کلکٹر کے حوالہ کی جاچکی ہے اور یہ فہرست حصول اراضی قانون کے تحت دی گئی ہے۔ کلکٹر نے مرحلوں میں 800املاک کے حصول کیلئے ابتدائی اعلامیہ جاری کردیا ہے۔

 کلکٹر حیدرآباد نے نوٹی فائیڈ املاک میں سے400 املاک کے حصول کا ڈیکلریشن جاری کردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ200 متاثرہ املاک کے معاوضہ کی تقسیم کا عمل رواں ماہ کے اواخرتک مکمل کرلیا جائے گا۔ بعدازاں معاوضہ کی تقسیم کا عمل مکمل ہونے کے بعد فوری  طور پر انہدامی کارروائی شروع کی جائے گی۔ صحافتی اعلامیہ میں یہ بات بتائی گئی۔

منیجنگ ڈائرکٹر نے وضاحت کی کہ پرانے شہر میں احتیاط اور سہل انداز میں میٹرو ریل روٹ کے تعمیری کام انجام دئیے جائیں گے۔ این وی ایس ریڈی نے کہا کہ متاثرہ املاک کے مالکان کے ساتھ بیک وقت مشاورت کی جارہی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پرانے شہر میں سڑک کی توسیع اور میٹرو ریل پروجیکٹ کی تعمیر کے دوران تمام مذہبی اور تاریخی ڈھانچوں کا تحفظ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ انجینئرنگ سلوشنس کے ساتھ ان ڈھانچوں کا بہر صورت تحفظ کیا جائے گا۔

نمائندہ منصف کے مطابق انہوں نے زور دے کر کہا کہ میٹرو ریل کے آنے سے پرانا شہر ایک پرکشش علاقہ بننے جا رہا ہے جس سے نہ صرف روزگار کے مواقع بہتر ہوں گے بلکہ پورا علاقہ آلودگی کے بغیر شاندار ترقی کی سمت گامزن ہوگا۔ انہوں نے کہا پرانے شہر کو میٹرو ریل سے جوڑنا چیف منسٹر کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔

این وی ایس ریڈی اور حیدرآباد کے ضلع کلکٹر انودیپ دورشیٹی مشترکہ طور پر حصول اراضی کے عمل کا مسلسل جائزہ لے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کام کی پیش رفت سے چیف منسٹر کو وقتاً فوقتاً آگاہ کیا جا رہا ہے۔



[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *