[]
آندھرا پردیش ہائی کورٹ نے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر سخت ریمارکس کئے ہیں۔ عدالت نے کہا کہ اگر لوگ ٹریفک چالان ادا نہ کریں تو ان کے گھروں کی برقی اور پانی کی سپلائی روک دی جائے۔ ہائی کورٹ نے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر پولیس اور حکام کی لاپرواہی پر بھی برہمی ظاہر کی۔
عدالت نے کہا کہ تلنگانہ میں گاڑی ڈرائیورس قوانین کی پابندی کرتے ہیں، لیکن آندھرا پردیش میں یہ صورتحال نہیں ہے۔ انہوں نے مشاہدہ کیا کہ آندھرا پردیش سے حیدرآباد جانے والے ڈرائیورس تلنگانہ کی سرحد پر پہنچتے ہی سیٹ بیلٹ باندھ لیتے ہیں۔حیدرآباد میں کسی بھی کار پر کالے شیشے نظر نہیں آتے، لیکن آندھرا پردیش میں یہ عام بات ہے۔
اے پی ہائی کورٹ کے چیف جسٹس دھیرج سنگھ ٹھاکر اور جسٹس چیملاپتی روی نے کہا کہ آندھرا پردیش میں پولیس قوانین کو سختی سے نافذ نہیں کر رہی، جس کی وجہ سے سڑک حادثات بڑھ رہے ہیں۔
عدالت کو بتایا گیا کہ ریاست میں ہیلمٹ نہ پہننے کی وجہ سے صرف تین مہینوں میں 667 افراد کی موت ہوئی ہے۔ عدالت نے حکام کو ہدایت دی کہ وہ قوانین پر سختی سے عمل درآمد کریں تاکہ مزید حادثات کو روکا جا سکے۔