[]
مرکزی حکومت نے “ایک قوم، ایک انتخاب” کے تحت بیک وقت انتخابات کے انعقاد کے لیے وزیر اعظم نریندر مودی کی صدارت میں منعقدہ کابینہ کے اجلاس میں اس منصوبے کو منظوری دی ہے ۔
اطلاعات کے مطابق، اس منصوبے کے تحت موجودہ پارلیمنٹ کے موسم سرما کے اجلاس میں اس قانون کا مسودہ پیش کیا جائے گا۔ اس کے پیش نظر، اہم بلز پر غور و فکر کے لیے 13 اور 14 تاریخوں کو پارلیمنٹ میں تمام پارٹیوں کے ارکان کو حاضر رہنے کے لیے حکم نامے جاری کیے گئے ہیں۔
ملک بھر میں بیک وقت انتخابات کے لئے حکومت نے اتفاق رائے پیدا کرنے کے لیے وسیع مشاورت کا فیصلہ کیا ہے۔ اس مقصد کے لیے ممکنہ طور پر مشترکہ پارلیمانی کمیٹی تشکیل دی جائے گی
جو اس بل کا جائزہ لے گی۔ حکومت نے مختلف ریاستی اسمبلیوں کے اسپیکرز اور سیاسی جماعتوں کے نمائندوں سے مشورے لینے کے عزم کا بھی اظہار کیا ہے۔
بیک وقت انتخابات کے تصور پر سابق صدر رام ناتھ کووند کی قیادت میں تیار کردہ رپورٹ رواں سال مارچ میں صدر دروپدی مرمو کو پیش کی گئی تھی۔ اس رپورٹ کی بنیاد پر حکومت نے ستمبر میں اس منصوبے کو حتمی شکل دی تھی۔
ملک بھر میں ایک ساتھ انتخابات کے حوالے سے تقریباً 30 سے زیادہ پارٹیاں اس منصوبے کی حمایت کر رہی ہیں، جب کہ کانگریس سمیت 15 جماعتیں اس کی مخالفت کر رہی ہیں۔ کانگریس کا کہنا ہے کہ یہ تجویز عملی طور پر ممکن نہیں ہے اور جمہوریت کی حفاظت کے لیے جب ضرورت ہو تب انتخابات کرائے جانے چاہییں۔