[]
حیدرآباد: مشہور تلگو فلم اداکار الو ارجن کی فلم *پشپا 2* کے بینیفٹ شو کے دوران پیش آنے والے افسوسناک واقعہ میں بھگدڑ کے نتیجہ میں ایک خاتون کی موت اور اس کے بیٹے کے زخمی ہونے کے کیس میں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے تین افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔
یہ واقعہ 4 دسمبر 2024 کو آر ٹی سی کراس روڈ پر واقع سندھیا تھیٹر میں اس وقت پیش آیا جب فلم کے خصوصی شو کے دوران تھیٹر میں شدید ہجوم جمع ہوا۔ ناقص انتظامات اور ہجوم کو کنٹرول نہ کرنے کی وجہ سے بھگدڑ مچ گئی۔ اس حادثہ میں ایک خاتون ہلاک ہوگئی جبکہ اس کے بیٹاضے کو زخمی حالت میں ہاسپٹل منتقل کیا گیا تھا۔
پولیس نے متاثرہ خاتون کے اہل خانہ کی شکایت پر فلم اداکار الو ارجن، تھیٹر انتظامیہ، اور دیگر ذمہ داران کے خلاف مقدمات درج کیے تھے۔ سندھیا تھیٹر کے انتظامیہ میں آٹھ پارٹنرس شامل ہیں۔
آج پولیس نے تھیٹر کے پارٹنر سندیپ، بالکنی انچارج وجے چندر، اور سینئر مینیجر ناگراجو کو گرفتار کر کے چنچل گوڑہ جیل منتقل کر دیا۔