[]
مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے آج بغداد میں عراق کے صدر عبداللطیف رشید کے ساتھ ملاقات کی۔
انہوں نے روداو ٹی وی چینل کے نمائندے کے سوال کے جواب میں کہا کہ عراقی صدر کے ساتھ ملاقات کے دوران ہم نے شام کی موجودہ صورت حال کے بارے میں بات چیت جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہمارا مقصد شام کی حکومت اور عوام کی حمایت کے لئے علاقائی مشاورت میں تیزی لانے کے ساتھ ساتھ سیاسی موقف میں زیادہ ہم آہنگی حاصل کرنا ہے۔
ایرانی وزیر خارجہ نے واضح کیا کہ ایران دہشت گردی کے خلاف شام کی حکومت اور عوام کی حمایت کے لئے تیار ہے۔
انہوں نے کہا کہ عراقی صدر نے بغداد میں ایران، شام اور عراق کے وزرائے خارجہ کی سطح کے سہ فریقی اجلاس کا خیر مقدم کیا۔
عراقچی ایران، شام اور عراق کے وزرائے خارجہ کی سطح کے سہ فریقی اجلاس میں شرکت کے لئے ایک وفد کے ہمراہ بغداد پہنچے۔