[]
چنئی _ 10 اگست ( اردولیکس ڈیسک) تمل ناڈو کی دارالحکومت چنئی کی ایک اسکول کی طالبہ پر اس وقت گائے نے بار بار حملہ کیا جب وہ اپنی ماں اور بھائی کے ساتھ اپنے گھر جا رہی تھی۔ لڑکی کے سر پر شدید چوٹیں آئیں اور اسے قریبی ہاسپٹل منتقل کیا گیا۔
یہ واقعہ سامنے لگے سی سی ٹی وی کیمروں میں قید ہو گیا اور دل دہلا دینے والے اس واقعہ کے مناظر اب وائرل ہو گئے ہیں۔
پولیس نے بتایا کہ یہ واقعہ چہارشنبہ کو اس وقت پیش آیا جب اسکول یونیفارم میں ملبوس 9 سالہ عائشہ اپنی والدہ اور بھائی کے ساتھ چنئی کے ایم ایم ڈی اے کالونی کے علاقے میں ایلانگو اسٹریٹ سے پیدل جا رہی تھی۔ویڈیو کے مطابق، دو گائیں لڑکی اور اس کے بھائی اور ماں سے آگے چل رہی تھیں۔
جیسے ہی لڑکی کے چھوٹے بھائی نے کچھ آوازیں نکالی، اچانک ایک گائے نے مڑ کر عائشہ پر حملہ کر دیا۔ گائے نے اپنے سینگوں کا استعمال کرتے ہوئے لڑکی کو اٹھایا اور بار بار اس پر حملہ کیا۔
ماں کی چیخ و پکار سن کر علاقہ کے افراد گھروں سے نکل گئے اور راہگیر جمع ہو گئے اور پتھر پھینک کر اور آوازیں لگا کر گائے کو بھگانے کی کوشش کی۔ ان کی طرف سے بار بار کوشش کرنے کے بعد گائے آخر کار موقع سے چلی گئی۔
لڑکی کو سر میں چوٹ لگنے کی وجہ سے قریبی ہاسپٹل منتقل کیا گیا۔ اس کی حالت اب مستحکم بتائی جاتی ہے۔
چنئی کارپوریشن کے عملے نے گایوں کو پکڑ لیا۔ کارپوریشن کے عہدیداروں نے میڈیا کو بتایا کہ اگر جانور سڑکوں پر گھومتے ہوئے پائے جاتے ہیں جس سے عوام کو تکلیف ہوتی ہے وہ مویشیوں کو ضبط کرنے اور مویشیوں کے مالکان پر جرمانے عائد کریں گے۔پولیس نے گائے کے مالک وویک کے خلاف بھی ایف آئی آر درج کر لی ہے۔
Cow attacks Chennai girl returning home from school Heartbreaking video pic.twitter.com/cQsCgjYjat
— urduleaks news (@UrduleaksN87793) August 10, 2023