[]
نئی دہلی: کانگریس نے کہا ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے ہر سال 2 کروڑ نوکریاں دینے کا وعدہ کیا تھا اور 10 سالوں میں 20 کروڑ لوگوں کو روزگار فراہم کرانا تھا، لیکن اس دوران الٹے 12 کروڑ لوگوں کی نوکریاں چھین لیں۔
کھڑگے نے کہا ’’انتخابات کا سب سے بڑا معاملہ نوجوانوں کے لیے روزگار ہے۔ مودی جی کی سینکڑوں ریلیوں میں، آپ نے ان سے کبھی نہیں سنا کہ ان کی حکومت نے پچھلے 10 سالوں میں کتنی نوکریاں فراہم کی ہیں۔ 10 سال میں 20 کروڑ نوکریاں دینی تھیں اس کے بجائے 12 کروڑ سے زائد نوکریاں چھین لی گئیں۔
انہوں نے کہا ’’کانگریس پارٹی ’یووا نیائے‘ کے تحت روزگار میں انقلاب لائے گی، تاکہ ہم بھرتی کے امتحانات سے لے کر نوکری حاصل کرنے تک کے سفر کو آسان بنا سکیں۔ بھرتی بھروسہ – 30 لاکھ سرکاری ملازمت کے آسامیاں پُر کی جائیں گی۔
پہلی نوکری پکی- اپرینٹس شپ کے حق سے ہر ڈگری ، ڈپلومہ یافتہ کی پہلی نوکری پکی اور ایک سال میں ایک لاکھ روپے کا اعزازیہ دیا جائے گا۔ پیپر لیک سے آزادی دی جائے گی اور نوکری امتحانات کے لئے پیپر لیک ہونے کےمعاملوں کا نپٹارہ کرنے کے لئے فاسٹ ٹریک کورٹس قائم کرکے متاثرین کو معاوضہ فراہم کیا جائے گا۔
کانگریس صدر نے کہا کہ ’’گگ اکانومی کے لیے سماجی تحفظ – ہم گگ اکانومی میں کام کرنے والے کارکنوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے سماجی تحفظ کا قانون نافذ کریں گے۔
یووا روشنی کے تحت اسٹارٹ اپس کے لیے فنڈز آف فنڈ اسکیم کی تشکیل نو کرے گی اور دستیاب فنڈ کا 50 فیصد یعنی 5,000 کروڑ روپے جہاں تک ممکن ہو، ملک کے تمام اضلاع میں یکساں طور پر مختص کیے جائیں گے، تاکہ ملک بھر میں 40 سال سے کم عمر کے نوجوانوں کو اپنا کاروبار شروع کرنے کے لیے فنڈز فراہم کرایا جاسکے، جس سے وہ اپنے کاروبار اور روزگار کو بڑھا سکے اور روزگار کے مواقع پیدا کریں۔‘‘
انہوں نے کہا کہ ’’کانگریس محب وطن نوجوانوں پر لگائی گئی اگنی ویر اسکیم کو بند کر دے گی۔ وسیع پیمانے پر بے روزگاری کی وجہ سے، کانگریس تمام طلباء کے تعلیمی قرضوں کے سلسلے میں 15 مارچ 2024 تک سود سمیت قرض کے واجبات معاف کر دے گی اور بینکوں کو حکومت کی طرف سے ادائیگی کی جائے گی۔ 21 سے کم کمر کے باصلاحیت اور ابھرتے ہوئے کھلاڑیوں کو ماہانہ 10,000 کی اسپورٹس اسکالرشپ فراہم کی جائے گی۔
کھڑگے نے کہا ’’کانگریس حکومت سرکاری امتحانات اور سرکاری آسامیوں کے لیے درخواست کی فیس کو ختم کر دے گی۔ ان درخواست دہندگان کو ایک بار کی راحت دی جائے گی جو وبا کے وقت یکم اپریل 2020 سے 30 جون، 2021 کے دوران سرکاری امتحانات میں شرکت نہیں کر سکے تھے۔ عمل کریں گے اپنی ہر بات۔ ہاتھ بدلے گا حالات۔