اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کے وارنٹ گرفتاری جاری ہونے کا خدشہ

[]

دی ہیگ: فلسطینوں پر ظلم کے پہاڑ ڈھانے اور غزہ کو ملبے کا ڈھیر بنانے والی غاصب صہیونی ریاست اسرائیل کے وزیراعظم نیتن یاہو کے وارنٹ گرفتاری جانے ہونے کا خدشہ ہے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق عالمی فوجداری عدالت کی جانب سے صہیونی وزیراعظم بن یامین نیتن یاہو کے وارنٹ گرفتاری جاری ہونے کا امکان ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ عالمی فوجداری عدالت غزہ میں انسانی المیے پر اسرائیلی فوجی افسران، سیاسی رہنماؤں سمیت وزیراعظم نیتن یاہو کے وارنٹ گرفتاری بھی جاری کر سکتی ہے۔

اسرائیلی قیادت پر غزہ میں بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزیوں کا الزام ہے اور ممکنہ وارنٹ گرفتاری کے اجرا کے حوالے سے گزشتہ دنوں اسرائیلی وزیر اعظم کے دفتر میں قانونی ماہرین اور وزرا کا ہنگامی اجلاس بھی ہوا ہے۔

رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ نیتن یاہو نے گزشتہ دنوں برطانوی اور جرمن وزرائے خارجہ کے ساتھ ملاقات میں بھی وارنٹ کے حوالے سے اپنے خدشات کا اظہار کر چکے ہیں۔

عالمی فوجداری عدالت میں رواں سال جنوری میں میکسیکو اور چلی نے اسرائیل کے جنگی جرائم کے خلاف مشترکہ درخواست دائر کی تھی جس میں فلسطینیوں کے خلاف اسرائیلی جنگی جرائم کی تفتیش کا مطالبہ کیا گیا تھا جب کہ اس سے قبل جنوبی افریقہ بھی عالمی عدالت انصاف میں فلسطینیوں کی نسل کشی پر اسرائیل کے خلاف درخواست دائر کی تھی۔

واضح رہے کہ غاصب اسرائیل کے فلسطین پر یوں تو 70 سال سے مظالم کا سلسلہ جاری ہے تاہم گزشتہ سال 7 اکتوبر سے بربریت کا شروع ہونے والا سلسلہ اب تک نہیں تھم سکا ہے۔ اسرائیل نے تمام تر عالمی دباؤ کو مسترد کرتے ہوئے فضائی حملوں میں غزہ کو ملبے کا ڈھیر اور 30 ہزار سے زائد فلسطینیوں کو شہید اور اس سے کئی گنا افراد کو زخمی کر دیا ہے جن میں بچوں اور خواتین کی بھی کثیر تعداد شامل ہے۔



[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *