[]
چنڈی گڑھ: کانگریس جنرل سکریٹری کماری شیلجا نے کہا کہ کانگریس نے اپنے منشور میں غربت کے خاتمے کے لیے 10 ضمانتیں دی ہیں محترمہ شیلجا نے بدھ کو میڈیا کو جاری ایک بیان میں کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) غربت کو ختم کرنے کا دعویٰ تو کر رہی ہے، لیکن حالات پہلے سے بدتر ہیں بی جے پی اپنے منشور میں غریبوں کی خدمت کی بات تو کرتی ہے، لیکن غربت ختم کرنے کے معاملے پر خاموش ہے۔
انہوں نے کہا کہ کانگریس نے اپنے انتخابی منشور میں غربت ختم کرنے کے لیے 10 ضمانتیں دی ہیں، جب تک غریبوں کی ترقی نہیں ہوگی، ملک ترقی نہیں کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ مہالکشمی یوجنا کے تحت ہر غریب گھرانے کی ایک خاتون کے کھاتے میں براہ راست 8500 روپے ہرماہ ڈالے جائیں گے، اجرت کو دوگنا کرتے ہوئے منریگا سمیت یومیہ کم از کم مزدوری کو بڑھا کر 400 روپے کیا جائے گا۔
سب کے لئے 25 لاکھ روپے تک کی مفت صحت کی دیکھ بھال، جس میں ٹیسٹ، ادویات، سرجری اور پرائیویٹ اسپتال میں علاج بھی شامل ہے۔ مزدورں کے تحفظ کے لیے اقدامات کیے جائیں گے، جس کے تحت غیر منظم اور مزدوروں کے لئے پنشن، ایکسیڈنٹ اور لائف انشورنس سمیت کو جامع سماجی تحفظ فراہم کیا جائے گا۔
کانگریس لیڈر نے کہا کہ مفت تعلیم کو بڑھاتے ہوئے، مڈ ڈے میل کے ساتھ مفت سرکاری اسکول کی تعلیم کو 12ویں جماعت تک بڑھایا جائے گا۔ نوجوانوں کے لیے روزگار پیدا کیا جائے گا جس کے تحت 30 لاکھ مرکزی حکومت کی نوکریاں دی جائیں گی۔
محترمہ شیلجا نے کہا ہے کہ کانگریس نے کسانوں کی محفوظ روزی روٹی کی بھی بات کی ہے، جس کے تحت کسانوں کے لیے کم سے کم امدادی قیمت (ایم ایس پی) کی قانونی ضمانت اور قرض کی معافی کے لیے ایک مستقل کمیشن تشکیل دیا جائے گا۔