[]
نئی دہلی: چیف منسٹر دہلی اروند کجریوال جنہیں تہاڑ جیل نمبر 2 میں رکھا گیا ہے‘ کوٹھری میں اپنی پہلی رات بے چینی سے گزاری۔ ذرائع نے منگل کو یہ بات بتائی۔ جیل نمبر 2 پر ہمیشہ کڑا پہرہ رہتا ہے۔ ضرورت پڑنے پر مداخلت کے لئے کوئک ریسپانس ٹیمیں (کیو آر ٹی) تیار رہتی ہیں۔
قیدیوں پر نظر رکھنے کے لئے 650 سی سی ٹی وی کیمرے لگے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ کجریوال نے سمنٹ کے بنے پلیٹ فارم پر کچھ وقت بے چینی سے گزارا اور رات میں دیر گئے اپنی کوٹھری میں چہل قدمی کرتے دکھائی دیئے۔ کجریوال کو لنچ میں گھر کا کھانا دیا گیا۔
انہیں لنچ اور ڈنر دونوں وقت کا کھانا اپنے گھر سے منگوانے کی اجازت ہے۔ انہیں گھر کا بنا کھانا ان کا بلڈ شوگر لیول (خون میں شکر کی سطح) نارمل ہونے تک ملتا رہے گا۔
آج صبح ان کا بلڈ شوگر لیول 50 تھا۔ کجریوال کو حکومت دہلی کے عہدیداروں سے ملنے کی اجازت ہے۔ وہ ہفتہ میں 2 مرتبہ اپنے ارکان ِ خاندان سے مل سکتے ہیں۔ انہیں ٹی وی کی سہولت دی گئی ہے جس میں 18 تا 20 چیانل آتے ہیں۔