ایران فلسطینی قوم کی حمایت سے پیچھے نہیں ہٹے گا، ایرانی وزارت خارجہ

[]

مہر خبررساں ایجنسی کے مطابق، اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کے بیان میں دمشق میں ملک کے قونصل خانے پر اسرائیلی حکومت کے حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا گیا ہے: بدقسمتی سے سفارتی ایرئے پر ہونے والے اس ٹارگٹڈ حملے میں، اسلامی جمہوریہ ایران کے انسداد دہشت گردی کے متعدد فوجی مشیر شہید ہو گئے۔

بلاشبہ یہ جارحانہ اور نفرت انگیز حملہ سفارتی افراد اور مقامات کے استثنیٰ اور بین الاقوامی ضوابط بالخصوص 1961 کے ویانا کنونشن برائے سفارتی تعلقات کی صریح خلاف ورزی ہے۔

  توقع کی جاتی ہے کہ مذکورہ وحشیانہ جارحیت اور بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی کی حکومتوں اور بین الاقوامی سطح پر مذمت کی جائے گی۔

خاص طور پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل اور اس تنظیم کے سیکرٹری جنرل سے توقع کی جاتی ہے کہ وہ صیہونی حکومت کے غیر قانونی اقدامات اور بین الاقوامی ضابطوں کی خلاف ورزیوں کا مقابلہ کرنے کے لیے ضروری اور فوری رد عمل کا اظہار کریں۔ 

یہ دہشت گردانہ حملہ غزہ کی پٹی میں چھے ماہ سے جاری جنگی جارحیت کے بعد فوجی، سیاسی اور اخلاقی ناکامی کے نتیجے میں صیہونی حکومت کی مایوسی، بے بسی اور اسٹریٹجک عدم استحکام کی انتہا کو ظاہر کرتا ہے۔

یہ بات واضح ہے کہ صہیونی غزہ کی پٹی میں مزاحمت کی طاقت کو روکنے میں ناکام رہے، اب انہوں نے دنیا میں اپنی سیاسی اور بین الاقوامی تنہائی سے نکلنے کے لیے ہر مایوس کن اور مذموم کوشش کا سہارا لیا ہے۔

صیہونی رجیم فلسطینی مزاحمتی تحریکوں کے مقابلے میں اپنی شکست سے بوکھلاہٹ کا شکار ہو کر دسیوں ہزار فلسطینی خواتین، بچوں اور معصوم شہریوں کے قتل عام پر اتر آئی لیکن اس کے باوجود اپنے اعلان کردہ اہداف کو حاصل کرنے میں مکمل ناکام رہی جس پر وہ جھنجھلا کر جنگ کے دائرے کو پھیلانے کی کوشش کر رہی ہے۔

اسلامی جمہوریہ ایران پوری دانشمندی کے ساتھ جارح اور شکست خوردہ صیہونی حکومت کو اس کی نئی جارحیت کا بھر پور جواب دے گا اور یہ جعلی رجیم اس طرح کے گھناؤنے جرائم کا سہارا لے کر کبھی بھی اپنی حتمی شکست سے نہیں بچ سکے گی۔

اسلامی جمہوریہ ایران مقبوضہ فلسطینی سرزمین اور علاقے میں جنگ کا دائرہ پھیلانے کی اسرائیلی حکومت کی مہم جوئی سے عالمی برادری کو خبردار کرتے ہوئے دمشق میں اسلامی جمہوریہ ایران کے سفارتی مشن پر صیہونی حکومت کو اس کے مجرمانہ حملے کے نتائج کا ذمہ دار قرار دیتا ہے۔

اس تناظر میں اسلامی جمہوریہ ایران بین الاقوامی قوانین اور اقوام متحدہ کے چارٹر کی بنیاد پر اس طرح کی دہشت گردانہ کارروائیوں کا فیصلہ کن جواب دینے کا اپنا جائز اور قانونی حق محفوظ رکھتا ہے۔

غاصب صیہونی حکام کو یہ بھی جان لینا چاہیے کہ اس طرح کے وحشیانہ حملوں سے طوفان الاقصیٰ آپریشن میں اس کی سکیورٹی ناکامی اور غزہ کی پٹی میں چھے ماہ سے جاری جنگ کی شکست کی تلافی ممکن نہیں ہے۔
 اور اسلامی جمہوریہ ایران فلسطینی قوم کے فطری حقوق اور قانونی حیثیت کی حمایت سے کبھی دریغ  نہیں کرے گا۔

[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *