[]
مہر خبررساں ایجنسی نے فلسطین الیوم کے حوالے سے بتایا ہے کہ مسجد اقصیٰ میں رمضان المبارک کے تیسرے جمعہ کی نماز میں ایک لاکھ پچیس ہزار افراد نے شرکت کی۔
اس رپورٹ کے مطابق مقبوضہ بیت المقدس میں غاصب صیہونی حکومت کی طرف سے عائد پابندیوں کے باوجود دسیوں ہزار فلسطینیوں نے مسجد الاقصی پہنچ کر نماز جمعہ میں شرکت کی۔
محکمہ اوقاف القدس کی جانب سے کہا گیا ہے کہ آج مسجد اقصیٰ میں ایک لاکھ پچیس ہزار نمازیوں کی موجودگی میں نماز جمعہ ادا کی گئی۔
واضح رہے کہ عوامی تنظیموں نے مسجد اقصیٰ میں صبح اور جمعہ کی نماز میں فلسطینیوں کی وسیع پیمانے پر شرکت کے لئے بیت المقدس، مغربی کنارے اور مقبوضہ علاقوں کے باشندوں سے اپیل کی کہ وہ اس اسلامی مسجد میں اپنی حاضری کو یقینی بنائیں تا کہ غاصب صیہونی رجیم کی پابندیوں اور جارحیت کا ڈٹ کر مقابلہ کیا جاسکے۔
یاد رہے کہ مسجد الاقصی پر صیہونی آباد کاروں کی طرف سے فوج کی حمایت میں روزانہ حملے کئے جاتے ہیں۔
غاصب صیہونی رجیم کا اصل ہدف مسجد الاقصی کے وقت اور جگہ کو تقسیم کرنا ہے جس کے بارے میں فلسطینی مزاحمتی تنظیمیں متعدد بار خبردار کر چکی ہیں۔