[]
جودھ پور: ہندوستانی ارباز کی جانب سے ویزا نہ ملنے پر پاکستانی آمنہ نے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ شادی کرلی۔ جہاں ان دنوں پاکستان کی سیما حیدر کے ہندوستان آنے اور ہندوستان کی انجو کے پاکستان جانے کا معاملہ سرخیوں میں ہے۔ ادھر ہندوستانی دلہے اور پاکستانی دلہن کی آن لائن شادی بھی خبروں میں ہے۔
چاہے اس وقت ہندوستان اور پاکستان کے تعلقات اچھے کیوں نہ ہوں۔ لیکن ہند پاک میں رہنے والوں کے دلوں کے رشتے رشتہ داری میں بدل رہے ہیں۔ ارباز خان پیشہ کے اعتبار سے چارٹرڈ اکاؤنٹنٹ ہیں، پاکستان کے شہر کراچی میں رہنے والی آمنہ کے ساتھ طے شدہ شادی سے قبل ہندوستانی ویزا نہ ملنے کی وجہ سے دونوں کے افراد خاندان نے جمعرات کو آن لائن شادی کر لی۔
ارباز اپنے افراد خاندان اور رشتہ داروں کے ساتھ گھوڑی پر بیٹھ کر گاتے اور ناچتے ہوئے شہر کے اوسوال سماج کی عمارت پہنچے جہاں آن لائن شادی کیلئے مکمل انتظامات کیے گئے تھے۔ اس موقع پر سٹی قاضی بھی موجود تھے۔ دوسری جانب پاکستان کے شہر کراچی میں دلہن آمنہ نے اپنے خاندان کے ساتھ آن لائن مل کر نکاح کی رسومات ادا کیں۔
اس موقع پر شہر کے قاضی نے نکاح پڑھایا اور دلہا اور دلہن نے آن لائن نکاح قبول کیا۔ اس شادی کے بعد دونوں خاندانوں کے چہروں پر خوشی صاف دکھائی دے رہی تھی۔ لیکن پھر بھی دولہا ارباز کے اہل خانہ دلہن کے ویزے کا انتظار کر رہے ہیں۔ انہیں امید ہے کہ ویزا ملنے کے بعد جلد ہی دلہن سرحد پار کر کے بھارت آئے گی۔
دولہا ارباز خان نے بتایا کہ ہمارے بہت سے رشتہ دار پاکستان میں رہتے ہیں اور یہ ہماری ارینجڈ میرج ہے۔ ہمارے گھر والوں نے یہ شادی طے کی تھی اور اس کے بعد شادی ہوئی۔ نکاح آن لائن کرنے کی وجہ یہ ہے کہ ان دنوں پاکستان اور بھارت کے تعلقات ٹھیک نہیں چل رہے۔
جس کی وجہ سے ویزا کے حصول میں بھی دشواری پیش آئی۔ جہاں دونوں خاندانوں نے مل کر آن لائن شادی کی۔ شادی کے بعد دلہن آمنہ کو بھی ہندوستانی ویزا حاصل کرنے میں سہولت مل سکتی ہے۔ اسی لیے ہندوستانی شادی کی گئی کیونکہ پاکستانی شادی ہندوستان میں جائز نہیں ہے۔