[]
نئی دہلی: منی پور کے معاملے پر لوک سبھا میں اپوزیشن کے شور وغل کی وجہ سے آج وقفہ سوالات مکمل نہیں ہو سکا اور ایوان کی کارروائی دوپہر 12 بجے تک ملتوی کردی گئی۔
جب 11 بجے ایوان کا اجلاس ہوا تو لوک سبھا کے اسپیکر اوم برلا نے وقفہ سوالات کے آغاز کا اعلان کیا۔ اس دوران اپوزیشن ارکان نے منی پور کے معاملے پرزبردست ہنگامہ کیا۔
پارلیمانی امور کے وزیر پرہلاد جوشی نے کہا کہ جمعرات کو اپوزیشن کے اراکین نے ایوان کی کارروائی چلنے دی کیونکہ کل ان کے لیے ایک اہم بل آیا تھا۔انہوں نے کہا کہ آج کا بل بھی اہم ہے۔
اپوزیشن ارکان ایوان کو چلنے دیں۔ حکومت ہر معاملے پر بات کرنے کے لئے تیار ہے لیکن وزیرموصوف کی بات کا کوئی اثر نہ ہوا اور زبردست نعرے بازی شروع ہوگئیْ۔
اس دوران صحت کی وزیر مملکت بھارتی پنوار اور کیمیکل اور کھاد کے وزیر مملکت بھگونت کھوبا نے اپنی اپنی وزارتوں سے متعلق سوالات کے جوابات دیے۔
نعرے بازی اور ہنگامہ آرائی جاری رہی تو سپیکر نے ایک بار پھر اپوزیشن ارکان سے اپیل کی کہ وہ اپنی نشستوں پر بیٹھ جائیں اور وقفہ سوالات جاری رہنے دیں۔
لیکن ان کی اپیل کا کوئی اثر نہ ہوا۔ اس کے بعد اسپیکر نے ایوان کی کارروائی دوپہر 12 بجے تک ملتوی کرنے کا اعلان کیا۔