[]
مہر خبررساں ایجنسی کے مطابق، برطانیہ کے وزیر خارجہ ڈیوڈ کیمرون نے صیہونی حکومت کو غزہ کی پٹی پر قابض قرار دیتے ہوئے غزہ تک انسانی امداد کی فراہمی کو یقینی بنانے پر زور دیا۔
نیو عرب نیوز ویب سائٹ نے رپورٹ دی ہے کہ اسرائیل کے بینی گینٹز اپنے لندن کے غیر اعلانیہ دورے کے دوران برطانیہ کے وزیر خارجہ ڈیوڈ کیمرون سے ملاقات کرنے والے ہیں۔
کیمرون نے واضح کیا ہے کہ وہ اسرائیل کو خبردار کریں گے، کیونکہ غزہ کو امداد کی ترسیل روکنے اور اس میں شدید کمی کی وجہ سے برطانیہ کے صبر کا پیمانہ لبریز ہو گیا ہے۔
برطانوی وزیر خارجہ نے پارلیمنٹ میں اپنے خطاب کے دوران یہ بھی کہا کہ غزہ میں “خوفناک مصائب” ہو رہے ہیں، جس میں بھوک اور بیماری کی وجہ سے مرنے والوں کی تعداد میں اضافہ بھی شامل ہے۔
کیمرون نے کہا کہ اسرائیل کو ایک قابض رجیم کے طور پر غزہ تک انسانی امداد کی ترسیل کو یقینی بنانا چاہیے۔
انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ فلسطینی ریاست کو باضابطہ طور پر تسلیم کرنا ایک طویل مدتی امن منصوبے کے حصے کے طور پر ہونا چاہیے۔
برطانوی وزیرخارجہ کے یہ ریمارکس ایسے وقت میں سامنے آئے ہیں جب برطانیہ غزہ میں جاری نسل کشی کی جنگ میں صیہونی رجیم کی شدید حمایت کرنے والوں میں سے ایک ہے۔