[]
حیدرآباد ۔ روس اور یوکرین کے درمیان جاری جنگ میں حیدرآباد کے ایک نوجوان کی موت ہوگئی۔ محمد اصفان (30) نامی نوجوان روس کی جانب سے لڑتے ہوئے اپنی جان گنوا دی ۔حکام نے چہارشنبہ کو اس بات کا انکشاف کیا۔ بتایا گیا ہے کہ روس میں ملازمت کے لئے جانے کے بعد محمد اصفان کو پتہ چلا کہ وہ ٹراویل ایجنٹ کے ہاتھوں دھوکہ کھا گئے اس کے بعد انھیں روسی فوج میں بھرتی ہونے پر مجبور کیا گیا تھا۔
وزارت خارجہ نے بھی محمد اصفان کی موت کی تصدیق کی ہے ۔بتایا جاتا ہے محمد اصفان کا تعلق حیدرآباد کے بازار گھاٹ سے تھ۔اجنوری میں حیدرآباد کے رکن پارلیمنٹ اسد الدین اویسی نے ماسکو میں ہندوستانی سفارت خانے کو ایک خط لکھا تھا جس میں کہا گیا تھا کہ حیدرآباد کے تین نوجوان جن میں اصفان بھی شامل ہے، نوکری کے لیے روس گئے تھے اور انہیں ایجنٹوں نے دھوکہ دیا تھا۔
قابل ذکر ہے کہ یہ سانحہ اس وقت پیش آیا جب وزارت خارجہ نے اعلان کیا تھا کہ وہ 20 سے 30 ہندوستانیوں کو وطن لانے کی کوشش کر رہی ہے جو روسی فوج کے لیے معاون عملے کے طور پر کام کر رہے تھے۔