[]
ریاض ۔ کے این واصف
سعودی عرب سمیت خلیجی ممالک کے ہندوستان کے ساتھ ہر سطح پر تعلقات مسلسل استحکام کی راہ پر گامزن ہیں ان ممالک میں ہندوستانی وزراء اور اعلی سطحی وفود کے دورے استحکام کو تقویت بخش رہی ہیں۔ سعودی پریس ایجنسی کے مطابق سعودی کابینہ نے متعدد ملکی اور بین الاقوامی امور اور معاملات پر غور کیا ہے اور اہم فیصلے کیے ہیں۔
کابینہ نے ڈیجیٹل صنعت کے حوالے سے وزارت اتصالات و انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ہندوستان کے متعلقہ ادارے کے ساتھ تعاون کی یاد داشت کی منظوری دی ہے۔کابینہ نے دہشت گردی کے انسداد اور اس کی فنڈنگ روکنے کے لیے سعودی پبلک پراسیکیوشن اور انڈونیشیا کے ساتھ ہونے والے تعاون معاہدے کی بھی منظوری دی ہے۔
اجلاس کے آغاز میں کابینہ کو گزشتہ ہفتے کے دوران ہونے والی ملاقاتوں اور وصول ہونے والے پیغامات سے آگاہ کیا گیا ہے۔گزشتہ دنوں سعودی عرب اور بحرین کونسل کے درمیان ہونے والے اجلاس کے نتائج سے بھی آگاہ کیا گیا ہے۔سعودی کابینہ نے غزہ کی صورتحال پر ہونے والے مشاورتی اجلاس کا ذکر کرتے ہوئے جنگ بندی پر زور دیا اور غزہ میں انسانی امداد کے لیے محفوظ راہداریاں فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
کابینہ نے بحران کے مستقل حل کے لیے دو ریاستوں کے فارمولے کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ 1967 کی سرحد بندی کے مطابق فلسطینی ریاست کا قیام ضروری ہے جس کا دار الحکومت مشرقی بیت المقدس ہونا چاہئے۔