[]
بنکاک: نہ صرف طیارہ کے اندر بلکہ پورے ایئرپورٹ پر اس وقت افراتفری مچ گئی جب دماغی مسائل کا شکار ایک کینیڈین مسافر نے ٹیک آف سے کچھ دیر قبل اچانک طیارہ کا ایمرجنسی دروازہ کھول دیا۔
روئٹرز کے مطابق چیانگ مائی ایرپورٹ سے دارالحکومت بینکاک کیلئے روانہ ہونے کی تیاری کرنے والے تھائی ایئر ویز کے طیارہ کا ایمرجنسی دروازہ اچانک کینیڈا کے ایک سیاح نے کھول دیا، جس کی وجہ سے طیارہ کے اندر مسافروں میں افراتفری مچ گئی۔
پرواز میں موجود فیس بک کی ایک صارف اننیا تیانگٹے نے اس واقعہ سے متعلق پوسٹ میں لکھا کہ ایمرجنسی دروازہ کھلتے ہی پورا طیارہ افراتفری کا شکار ہو گیا، کچھ ہی دیر میں عہدیداروں نے آ کر مسافر کو پکڑلیا اور طیارہ سے باہر لے گئے۔ اننیا کا کہنا تھا کہ اگر طیارہ اس وقت سطح سمندر سے 30,000 فٹ بلندی پر ہوتا تو کیا ہوتا؟
چیانگ مائی ایرپورٹ کے ڈائریکٹر نے جمعرات کو دیر گئے بتایا کہ ایک مسافر نے ہنگامی دروازہ کھولا تھا، جس کی وجہ سے فلیٹبل سلائیڈ فعال ہو گئی اور طیارہ ٹیک آف کرنے سے قاصر رہا، جس کی وجہ سے طیارہ ٹرمینل پر واپس آ گیا اور مسافر اتر گئے، اور تکنیکی ماہرین نے حفاظتی اقدامات انجام دیئے۔
حکام کے مطابق اس خلل سے ایرپورٹ پر کئی دیگر پروازیں متاثر ہوئیں۔ تھائی ایئر ویز کا کہنا تھا کہ معائنہ کے بعد طیارہ کو تمام مسافروں اور عملہ کے ساتھ روانہ ہونے کی اجازت دے دی گئی۔ جبکہ 40 سالہ مسافر کو مقامی پولیس اسٹیشن لے جایا گیا، جہاں اس نے دروازہ کھولنے کا اعتراف کیا اور وجہ بتائی کہ اسے لگا کہ کچھ لوگ اسے مارنے کے لیے اس کا پیچھا کر رہے ہیں۔ مسافر کے وکیل کا کہنا تھا کہ مسافر کے بیان سے لگ رہا ہے کہ وہ فریب خیال (ہالوسنیشن) میں مبتلا ہے۔