[]
دہرا دون: ایودھیا کے نئے رام مندر میں نصب کی گئی رام کی مورتی کے رنگ پر اترکھنڈ اسمبلی میں اپوزیشن اور کانگریس ارکان کے درمیان گرما گرم بحث ہوئی۔
یکساں سیول کوڈ بل پر ا یوان میں مباحث کے دوران یہ لفظی جنگ ہوئی۔ جسپور کے کانگریس رکن اسمبلی آدیش سنگھ چوہان نے بی جے پی پر الزام لگایا کہ اس نے ہندو مقدس کتب کے برخلاف جن میں مورتی کو سانولا قرار دیا گیا ہے، ایودھیا میں رام کی مورتی کو کالا رنگ دیا ہے۔
چوہان نے کہا کہ ہندو صحیفوں کے مطابق رام سانولا تھا، لیکن آپ لوگوں نے ایودھیا کے مندر میں نصب کی گئی رام کی مورتی کو سیاہ کردیا ہے۔
وزیر پارلیمانی امور پریم چند اگروال‘ اس الزام کا جواب دینے کے لیے اپنی نشست سے اٹھ کھڑے ہوئے اور کانگریس رکن سے کہا کہ وہ صرف یکساں سیول کوڈ بل پر بولیں۔
انھوں نے کہا کہ آپ کو بھگوان رام کے خلاف توہین آمیز تبصرہ بند کردینا چاہیے۔ بی جے پی لیڈر نے کانگریس کو ایسی جماعت بھی قرار دیا جس نے رام کے وجود کا ہی انکار کردیا تھا۔
یہ بحث چند منٹ تک جاری رہی۔ اسپیکر ریتو کھنڈوری نے مداخلت کی اور وزیر سے کہا کہ وہ اپنی نشست پر بیٹھ جائیں۔ انھوں نے کانگریس رکن اسمبلی کو یکساں سیول کوڈ(کے موضوع) پر ہی بولنے کی ہدایت دی۔