[]
یو سی سی بل کے مسودہ میں ’لیو-اِن رلیشن شپ‘ کے بارے میں بھی تذکرہ ہے۔ اب اس طرح کا رشتہ رکھنے والوں کے لیے رجسٹریشن کرانا لازمی ہوگا۔ یکساں سول کوڈ نافذ ہونے کے بعد اتراکھنڈ میں ’لیو-اِن-رلیشن شپ‘ کے لیے ویب پورٹل پر رجسٹریشن کرایا جا سکے گا۔ رجسٹریشن نہ کرانے پر جوڑے کو چھ مہینے کی جیل یا پھر 25 ہزار کی سزا، یا دونوں ہو سکتے ہیں۔ رجسٹریشن کے طور پر جو رسید جوڑے کو ملے گی، اسی کی بنیاد پر انھین کرایہ پر گھر، ہاسٹل یا پی جی مل سکے گا۔ یو سی سی میں ’لیو-اِن-رلیشن شپ‘ کی واضح تشریح بھی پیش کی گئی ہے۔ اس کے مطابق صرف ایک بالغ مرد اور بالغ خاتون ہی اس طرح کے رشتے میں رہ سکیں گے۔ وہ پہلے سے شادی شدہ یا کسی دیگر کے ساتھ لیو-اِن رلیشن شپ میں نہیں ہونا چاہیے۔ رجسٹریشن کرانے والے جوڑے کی جانکاری رجسٹرار کو ان کے والدین یا سرپرست کو دینی ہوگی۔