[]
بنگلورو: کرناٹک میں 10ویں جماعت کے طلباء کے لیے جمعہ کو تیاری امتحانات کے اوقات میں تبدیلی کے مسئلہ نے فرقہ وارانہ موڑ لے لیا۔
ہندو تنظیمیں الزام عائد کررہی ہیں کہ یہ قدم مسلمانوں کو نماز کے لیے سہولت پہنچانے اٹھایا گیا۔ اس قدم پر ریاست میں تنازعہ پیدا ہوگیا اور ریاستی محکمہ تعلیم ٹائم ٹیبل کے تعلق سے باضابطہ وضاحت جاری کرسکتا ہے۔
امتحانات26/ فروری تا 3/ مارچ مقرر ہیں۔ تمام امتحانات کا روزانہ 10:15 بجے سے آغاز ہوگا، سوائے جمعہ کے کہ اس دن سائنسی پرچہ کا امتحان 2بجے سے شروع ہوگا۔
ہندو تنظیموں نے دعویٰ کیا کہ امتحانی اوقات میں تبدیلی مسلمانوں کو نماز جمعہ کی اجازت دینے کے لیے کی گئی جس کا مقصد مسلمانوں کی خوشنودی ہے۔
بھٹکل کے ہندو لیڈر سری کانت نائیک نے کہا کہ محکمہ تعلیم نے کانگریس حکومت کی ہدایت پر ٹائم ٹیبل میں تبدیلی کی۔ حکومت محکمہ تعلیم میں راست طور پر خوشنودی کی اجازت دے رہی ہے۔
کرناٹک اسکول امتحان اور جانچ بورڈکے ذرائع کا کہنا ہے کہ دسویں جماعت کے تیاری امتحان میں تبدیلی اس لیے کی گئی کیوں کہ اسی دن 12 ویں کے کنڑ اور عربی پرچوں کے امتحانات ہیں۔ چوں کہ ریاست میں بحث چھڑگئی، وزیر تعلیم مدھو بنگارپا کی جانب سے اس پر ردعمل اور وضاحت متوقع ہے۔