[]
حیدرآباد: تلنگانہ اسٹیٹ اینٹی نارکوٹکس بیورو(ٹی ایس این اے بی) نے منشیات (ڈرگس) کی اسمگلنگ اوراس کے استعمال میں ملوث جملہ 6 افراد کوگرفتار کرلیا ان میں ڈرگس سپلائی کرنے والے 3 اور انہیں استعمال کرنے والے 3افراد شامل ہیں۔
دیگر 3ملزمین مفرور بتائے گئے ہیں۔ٹی ایس این اے بی اورسائبرآباد پولیس نے خفیہ اطلاع ملنے کے بعد ڈرگس سپلائی کرنے اور انہیں استعمال کرنے والوں کوپکڑنے کے لئے خصوصی منصوبہ بندی کی۔
اس منصوبہ کے تحت پولیس نے سلمان بن ابوبکر ساکن یوسف گوڑہ‘ شیخ ارمان ساکن مہدی پٹنم اور ارقام حسین ساکن بنجارہ ہلز کو10گرام کوکین اور 13گرام ایم ڈی ایم اے‘5موبائل فونس اور فوروہیلر گاڑی کے ساتھ گرفتار کرلیاجبکہ نشہ کرنے والے 37سالہ میتھونا‘36 سالہ کونگالاپریا اور ڈاکٹر چلاچیتنیہ کوبھی گرفتار کرلیا گیا۔
آخرالذکر تینوں نشہ کرتے تھے۔ ان کے علاوہ دیگر 3افراد عثمان‘عظیم اورعبداللہ فرار بتائے گئے ہیں۔ ابوبکر‘ارمان اورحسین گوا اور بنگلور وسے ڈرگس خرید کر لاتے تھے۔
شہر کے مختلف پپس میں آنے والوں سے دوستی کرنے کے بعد انہیں یہ ڈرگس فروخت کیا کرتے تھے۔
پولیس ذرائع نے مزید بتایا کہ کوگین15 ہزار روپے فی گرام‘اورایم ڈی ایم اے 8 ہزار روپے فی کیلو فروخت کرتے تھے۔ٹی ایس این اے بی نے تاحال ڈرگس کے 20صارفین کی شناخت کرلی ہے جن میں 10 صارفین کے ٹسٹ کی رپورٹ مثبت آئی ہے۔ ان 10افراد کے خلاف قانونی کارروائی شروع کردی گئی ہے۔