[]
شیوموگہ: کرناٹک کے ڈپٹی چیف منسٹر ڈی کے شیوکمار اور ان کے چھوٹے بھائی اور کانگریس ایم پی ڈی کے سریش پر کڑی تنقید کرتے ہوئے سینئر بی جے پی لیڈر کے ایس ایشورپا نے کہا کہ وہ پاکستان کے بانی محمد علی جناح کے کلچر کے حامی ہیں اور ملک کو تقسیم کرنے کی ”سازش“ کررہے ہیں۔
یہاں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے ایشورپا نے کہا کہ شیوکمار برادران تقسیم ہند کے بعد بھی مطمئن نہیں ہیں۔ تقسیم ہند کے کرب سے ہندوستانی ابھی تک نہیں ابھر سکے مگر وہ (شیوکمار برادران) ایسا لگتا ہے کہ ملک کو مزید تقسیم کرنے کی سازش کررہے ہیں۔
ایشورپا نے کہا کہ چیف منسٹر سدارامیا‘ سریش کے ”جنوبی ہند کی علاحدہ ملک کے طور پر تقسیم“ سے متعلق بیانات سے متفق نہیں ہیں مگر یہاں اے آئی سی سی کے صدر ملکارجن کھرگے، کانگریس کے قائدین راہول گاندھی اور سونیا گاندھی کی رائے اہم ہے۔
انہیں اس مسئلہ پر ملک کے سامنے اپنی رائے دینی چاہیے۔“ ایشورپا نے کہا کہ اس ملک کے عوام کا خیال ہے کہ انہیں حقیقی معنوں میں آزادی نہیں ملی ہے۔ ملک کے لیے شہید ہونے والے مجاہدین آزادی کو جنت سے تقسیم ہند دیکھ کر درد ہوا۔
شیوکمار اور ان کے بھائی‘ اس ضمن میں مزید کرب پیدا کرنے کی سمت میں جارہے ہیں۔“ سریش نے یہ کہہ کر تنازعہ پیدا کردیا کہ شمالی ہند اور جنوبی ہند کی خطوط پر امتیاز برتا جارہا ہے اور اگر یہ جاری رہا تو ملک کو تقسیم کرنا پڑے گا۔“
جمعرات کو نئی دہلی میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے سریش نے کہا کہ جنوبی ہند کا پیسہ شمالی ہند کو مختص کیا جاتا ہے۔ اس کی وجہ سے ہم مالی مشکلات کا سامنا کررہے ہیں۔ اگر ایسا ہی چلتا رہا تو ہمیں جنوبی ہند کو علاحدہ ملک بنانے کے لیے صدا بلند کرنی پڑے گی۔“