[]
حیدرآباد: ایک ضعیف خاتون نے گڑھا کھودکر اپنے جمع کردہ رقم کو دفن کردیا تھا جب اُس خاتون کو وہ گڑھا نہیں ملا تو اُس نے پولیس میں شکایت کردی۔ پولیس نے مقام واقعہ پر پہنچ کر گڑھے کی تلاشی لی اور اس رقم کو ضعیف خاتون کے حوالے کردیا۔
یہ واقعہ پیر کو محبوب آباد ضلع کے بیارام منڈل کے جگو ٹانڈہ میں پیش آیا۔ بیارام منڈل میں رہنے والی تمیشیٹی رنگما ایک چھوٹی سی کرانہ کی دکان چلاکر اپنی زندگی بسرکررہی ہیں۔
ضعیف خاتون نے اپنی جمع کردہ رقم اس خوف سے گڑھے میں دفن کردیا کہ چور اس کے گھر میں موجود 2 لاکھ روپئے چوری کرلیں گے۔ خاتون نے اس رقم کو پلاسٹک کے ڈبے میں رکھ کر اپنے گھر کے احاطہ میں گڑھا کھود کر اُسے دفن کردیا تھا۔
ضعیف خاتون نے دودن قبل پولیس اسٹیشن پہنچ گئی اور شکایت درج کرائی کہ اُس کی دفن شدہ رقم نہیں مل رہی ہے۔ پولیس پیر کے روز اس خاتون کے گھر پہنچ گئی۔ پولیس عملہ نے بتایاکہ خاتون کے گھر کے آنگن کی تلاشی لی گئی جہاں ایک جگہ سے 2 لاکھ روپئے برآمد ہوئے۔
پولیس نے مزید کہاکہ یہ رقم مقامی ایم پی ٹی سی کماری اور سرپنچ رمیش کی موجودگی میں معمر خاتون کو سونپ دی گئی۔ پولیس نے ضعیف خاتون کو مشورہ دیا کہ وہ اپنی رقم بینک میں جمع کرادے۔