[]
آرمور : 19/ جنوری ( محمد سیف علی کی رپورٹ ) آرمور مجلس بلدیہ کے اراکین نے آج ریوینیو ڈیویژن آفیسر آرمور مسٹر ونود کمار سے صدرنشین بلدیہ آرمور کے عہدے کے لیے نوٹیفکیشن جاری کرنے کیلئے نمائندگی کی۔ جمعہ کو آرمور میونسپل کے کونسلروں نے آر ڈی او کے دفتر میں ملاقات کی۔ اس موقع پر میونسپل کونسلروں نے آر ڈی او سے کہا کہ آرمور صدرنشین بلدیہ کے عہدہ کے نوٹیفکیشن میں تاخیر کی صورت میں انچارج صدرنشین کے طور پر آرمور بلدیہ کے نائب صدرنشین شیخ منو کو ذمہ داریاں تفویض کی جائے۔ نتیجے کے طور پر آرمور آر ڈی او نے میونسپل کونسلروں کو مشورہ دیا کہ یہ معاملہ ان کے دائرہ کار میں نہیں ہے اور اس معاملے کو ضلع کلکٹر کے نوٹس میں لایا جائے۔
قبل ازیں میونسپل کونسلروں نے کہا کہ صدرنشین بلدیہ کی عدم موجودگی کی وجہ سے آرمور میونسپل کی ترقی رک سی گئی ہے حکومت کو اس جانب توجہ دینا چاہئے۔ آر ڈی او سے خواہش کی حکام ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کم از کم انچارج چیئرمین کا تقرر کیا جائے۔ بعد ازاں کونسلروں نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ کونسلرس کسی مسئلہ کیلئے بلدیہ کمشنر کے پاس گئے تو وہ کہتے ہیں کہ میں انچارج نہیں ہوں آر ڈی او کے پاس گئے تو وہ کہتے ہیں کہ میں انچارج نہیں ہوں۔ عوام پریشان حال ہے مختلف بلدی حلقوں میں ترقیاتی کام ٹھپ ہیں انچارج صدرنشین کا تقرر ضروری ہے اس میں کیوں تاخیر کی جارہی ہے سمجھ سے بالاتر ہے۔ جلد نائب صدرنشین بلدیہ کو انچارج مقرر کیا جائے تاکہ کوئی مسائل ہوں تو بات کرسکتے ہیں۔
کونسلرس جنرل باڈی اجلاس منعقد کر کے مسائل پر بات کرنا چاہتے ہیں اگر اجلاس نہیں ہوگا تو ترقی نہیں ہوگی۔ عوامی مسائل پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائیگا۔ صدرنشین بلدیہ کے انتخاب کا نوٹیفکیشن جاری نہ کیا گیا یا وائس چیرمین کو انچارج چیرمین کا تقرر نہیں کیا گیا تو وہ بڑے پیمانے پر احتجاجی پروگرام اور دھرنا دیں گے۔
اس پروگرام میں نائب صدرنشین بلدیہ شیخ منو، کونسلر امتیاز حسین، نرسا ریڈی، شالا پرساد، نمائندہ کونسلرس عبد الرحمن، سید فیاض، ظہیر علی، سید عتیق و دیگر کونسلر موجود تھے۔