[]
حیدرآباد: چیف منسٹر اے ریونت ریڈی نے چہارشنبہ کی رات تاریخی گنبدان قطب شاہی گولکنڈہ میں 13ممالک جیسے امریکہ‘ایران‘ ترکی‘ متحدہ عرب امارات‘برطانیہ‘جاپان‘ تھائی لینڈ‘ جرمنی‘سری لنگا‘بنگلہ دیش‘آسٹریلیا‘فرانس اور فن لینڈ کے نمائندوں کے اعزاز میں عشائیہ کا اہتمام کیا۔
قبل ازیں چیف منسٹر نے تمام مہمانوں کا فرداً فرداً استقبال کیا۔ اس موقع پر چیف منسٹر نے تلنگانہ میں کانگریس کی نئی حکومت کی تشکیل‘حکومت کی ترجیحات اور تمام طبقات کی ترقی اور خوشحالی کے لئے ضمانتی اسکیمات سے واقف کروایا اورکہاکہ کانگریس حکومت ملک کے مجاہدین آزادی اور رہنماؤں گاندھی جی‘پنڈت جواہرلعل نہرو‘ سردار ولبھ بھائی پٹیل کے نظریات اور سابق وزیر اعظم اندراگاندھی کے نقش قدم پر چلتے ہوئے تلنگانہ حکومت مساوات اور شفافیت کے ساتھ کام کررہی ہے۔
انہوں نے کہاکہ کانگریس پارٹی 6ضمانتوں کے وعدے کے ساتھ اقتدار میں آئی ہے۔ ان کی حکومت نوجوانوں کے مستقبل اور صنعتی ترقی کے لئے پرعزم ہے۔
چیف منسٹر نے مہمان ممالک کے نمائندوں سے ریاست میں صنعتوں کے قیام اور سرمایہ کاری میں دلچسپی لینے کی خواہش کی ہے۔ چیف منسٹر نے کہاکہ ان کی حکومت تمام ممالک کے ساتھ بہتر تعلقات کوبرقرار رکھنے کی کوشش کرے گی۔
انہوں نے مہمان ممالک کے نمائندوں سے ریاست کی ترقی میں اپنی تجاویزپیش کرنے اور تعاون کی اپیل کی ہے۔ اس موقع پرڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرمارکہ‘ ریاستی وزراء دامودراج نرسمہا‘سریدھر بابو‘ چیف سکریٹری شانتی کماری‘ پرنسپل سکریٹری جیش رنجن‘ریجنل پاسپورٹ آفیسر سنہاجہ ودیگر نے شرکت کی۔