[]
ممبئی: مہاراشٹرا اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن (ایم ایس آر ٹی سی) کی ایک بس کو چھت کا ایک حصہ الگ ہوکر ہوا میں معلق لٹکنے کے باوجود چلانے کا واقعہ کیمرے پر ریکاڈ ہوگیا جس کے نتیجہ میں حکام نے اس بارے میں تحقیقات شروع کیں۔
ایک عہدیدار نے کہاکہ یہ بس ریاست کے گچرولی ضلع میں چلائی گئی۔ انہوں نے مزید کہاکہ گاڑیوں کی دیکھ بھال کے ذمہ دار عملہ کے ایک رکن کو معطل کردیاگیا۔ چہارشنبہ کو سوشل میڈیا پر اس بس کا ویڈیو گشت ہوا۔
ربط پیدا کرنے پر ایم ایس آرٹی سی کے نائب صدر نشین و منیجنگ ڈائریکٹر شیکھر چھننے نے بتایا کہ یہ بس گچرولی ضلع میں آہیری ڈپو سے تعلق رکھتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ واقعہ کے بارے میں تحقیقات کا حکم دیا گیا ہے۔ متعلقہ آفیسر کے خلاف کارروائی کی جارہی ہے۔ ایم ایس آر ٹی سی کے دوسرے عہدیدار نے کہاکہ گچرولی میں میکانیکل انجینئرنگ ڈپارٹمنٹ کے ایک آفیسر کو بس کی ناقص دیکھ بھال کا ذمہ دار قرار دیتے ہوئے معطل کردیاگیا۔
انہوں نے کہاکہ یہ بس گچرولی۔ آہیری روٹ پر چلائی گئی اور گاڑی کی پوری چھت علٰحدہ نہیں ہوئی۔ صرف ڈرائیور کے کیابن کے اوپر فائبر کا حصہ ٹوٹ کر ہوا میں لٹکا جب کہ بس ہائی وے پر چلائی جارہی تھی۔
انہوں نے کہاکہ بس کا عملہ اور مسافرین چھت کے ٹوٹنے سے واقف نہیں تھے دیگر گاڑیوں کے افراد کی جانب سے بس کے عملہ کے اراکین کو مطلع کرنے کے بعد ویڈیوتیار کرنے کیلئے کہا گیا۔