[]
حیدرآباد: سنکرانتی تہوارکی تیاری میں تلنگانہ کے متحدہ کھمم ضلع میں مرغوں کی لڑائی کا اہتمام کرنے والے، فائٹرمرغوں کی طلب میں اضافہ دیکھ رہے ہیں۔
تلنگانہ اورآندھراپردیش کے سرحدی علاقوں بالخصوص تلنگانہ کے بھدراچلم،دماپیٹ، اشواراو پیٹ،ستوپلی کے ساتھ ساتھ آندھراپردیش کے کوکنور،ویلیرپاڈو،سیتانگرم اورترگورو میں مرغوں کی غیر قانونی لڑائی میں سنکرانتی کے تین دنوں میں اضافہ دیکھاجاتا ہے۔
اس طرح کی مرغوں کی لڑائی پر سٹہ لگانے کیلئے فائٹرمرغوں کو بطورخاص تیار کیاجاتا ہے۔ہر لڑائی پردس ہزارروپئے تا 50 لاکھ روپئے کے درمیان سٹہ لگایاجاتا ہے۔
سٹہ لگانے والے کی رقمی گنجائش کی بنیاد پر یہ رقمی شرطیں لگائی جاتی ہیں۔آندھراپردیش کے بھیماورم میں اس طرح کی لڑائی زیادہ ہوتی ہے جہاں عوام کی بڑی تعداد ان کو دیکھنے کیلئے جمع ہوتی ہے۔دیڑھ تادوسال کے ان مرغوں کی قیمت 20تا30ہزارروپئے کے درمیان ہوتی ہے۔
ان مرغوں کی زمرہ بندی ان کے رنگ اورغذا کی بنیاد پر کی جاتی ہے۔سنکرانتی تہوار سے ایک ہفتہ پہلے اس لڑائی کا اہتمام کرنے والے مرغوں کی تلاش ان کے سائز، ان کی صلاحیت اور ان کے رنگ کی بنیاد پر کرتے ہیں۔ بھدراچلم،دمائی پیٹ، اشواراوپیٹ،ستوپلی اورملکالاپلی میں اس لڑائی کے آرگنائزرس ہفتہ واری مارکٹس کا دورہ کرتے ہیں جہاں وہ اس طرح کے مرغوں کی تلاش کرتے ہیں یا پھر اس طرح کے مرغوں کو پالنے والوں سے راست طورپر رابطہ کرتے ہیں تاکہ ان کو خریدا جاسکے۔