[]
غزہ: اسرائیلی فوج کے زمینی حملوں کے دوران فلسطینیوں کی قبرستانوں میں قبریں اکھاڑنے کی مکروہ کارروائیوں میں بہت سی لاشوں کو قبروں سے نکال کر انسانیت سوز رویے کا اظہار کیا جاتا رہا ہے۔
غزہ میں ان لاشوں کو دوبارہ دفنانے کا کام فلسطینیوں نے ہفتے کے روز شروع کیا ہے۔ التفاح محلے میں اکھاڑی گئی قبروں کی بنائی گئی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ جن فلسطینیوں کو اسرائیلی بمباری سے شہید ہونے کے بعد دفنایا گیا تھا ان کی لاشوں کو اسرائیلی فوجیوں نے قبروں سے باہر نکال پھینکا تھا۔
ویڈیو میں دکھایا گیا ہے کہ فلسطینیوں کی لاشیں تھیلوں میں لپٹی ہوئی ہیں اور قبروں سے باہر مٹی کے ٹیلوں پر موجود ہیں۔
ان فلسطینیوں کی لاشوں کو جن کو اسرائیلی فوج نے قبروں سے باہر نکال دیا تھا، ان کی تدفین دوبارہ کی جا رہی ہے۔
تدفین کے اس عمل میں کئی فلسطینی شامل ہیں۔ علیوا نامی مقامی فلسطینی نے بتایا کہ قبروں سے نکلی ہوئی لاشیں دیکھ کر ہم حیران ہوگئے۔
علیوا بھی ان لوگوں میں شامل ہے جو لاشوں کو دوبارہ دفنانے کا کام کر رہے ہیں۔
واضح رہے اسرائیلی فوج پر 1100 قبروں کو تباہ کرنے اور حال ہی میں دفن ہونے والی 150 لاشوں کو چرانے کا الزام بھی ہے۔ مقامی لوگوں نے بتایا کہ اسرائیلی فوج نے قبروں پر بلڈوزر چلائے تھے۔