[]
حیدرآباد: شہر حیدرآباد میں پیر کی شام موسلادھار بارش نے علاقہ عابڈس میں یومیہ اجرت پر کام کرنے والے مزدور کی جان لے لی جبکہ راجندر نگر کے واسودیو کالونی، عطا پور میں ایک اور شخص اس وقت خوش قسمت رہا جب اس سے چند فٹ کے فاصلے پر گرج چمک کے ساتھ بجلی گر پڑی۔
بتایا گیا ہے کہ علاقہ عابڈس میں روزانہ اجرت پر کام کرنے والا لیبر ٹین کی چادر گرنے سے جاں بحق ہوگیا۔
پولیس کے مطابق مہلوک شخص کی شناخت فرید الدین کے نام سے ہوئی ہے۔ وہ شدید بارش سے بچنے کے لئے ایک عمارت کے قریب پناہ لئے ہوئے تھا کہ عمارت کی چھت سے ٹین کی چادر پھسل کر اس پر گر گئی۔
اسے شدید چوٹیں آئیں اور وہ موقع پر ہی دم توڑ گیا۔ پولیس نے اس کی لاش مردہ خانے منتقل کر کے مقدمہ درج کر لیا ہے۔
دوسرے واقعے میں، واسودیو کالونی کا شخص کالونی لین کو عبور کرتے ہوئے خوش قسمتی سے بچ گیا جب اس کے چند فٹ پیچھے آسمانی بجلی گری۔
اس واقعہ کا ایک سی سی ٹی وی فوٹیج سوشیل میڈیا پر گشت کررہا ہے جس میں وہ شخص خوش قسمتی سے بجلی کی زد میں آنے سے محفوظ رہا۔