بی جے پی حکومت اپنی ناکامیاں چھپانے جذباتی مسائل اٹھارہی ہے: ملیکارجن کھرگے

[]

نئی دہلی: صدر کانگریس ملیکارجن کھرگے نے آج کہا کہ بی جے پی مرکز میں اپنے اقتدار کے 10 سال کے دوران اپنی ناکامیوں کو چھپانے جذباتی مسائل اٹھارہی ہے۔

انہو ں نے پارٹی قائدین اور کارکنوں سے کہا کہ وہ آنے والے لوک سبھا انتخابات میں کامیابی حاصل کرنے کے لئے متحد ہوجائیں۔ صدر کانگریس نے کنیاکماری تا کشمیر بھارت جوڑو یاترا نکالنے پر راہول گاندھی کی ستائش کی اور اس امید کا اظہار کیا کہ منی پور تا مہاراشٹرا بھارت نیائے یاترا‘ سماجی انصاف کے مسائل کو قومی مباحث کے مرکز میں لائے گی۔

کھرگے نے ملک بھر کے پارٹی قائدین کی ایک میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی گزشتہ 10 سال کے دوران اپنی حکومت کی ناکامیوں کی پردہ پوشی کے لئے جذباتی مسائل اٹھارہی ہے۔ وہ لوگ دانستہ طورپر ہر مسئلہ میں کانگریس کو گھسیٹتے ہیں۔

ہمیں متحد ہوکر ان کے جھوٹ‘ دھوکہ اور بی جے پی کے غلط اقدامات کا جواب دینا ہوگا اور بنیادی مسائل کو عوام کے سامنے لانا ہوگا۔کھرگے نے قائدین سے کہا کہ وہ اپنے اختلافات کو دفن کردیں اور داخلی مسائل کو میڈیا میں نہ اٹھائیں اور ایک ٹیم کی حیثیت سے کام کریں۔

انہوں نے کہا کہ وہ بحیثیت کانگریس صدر سونیا گاندھی کی 25 سالہ خدمات کا احترام کرتے ہیں۔ انہوں نے ہر ریاست میں کام کیا تاکہ اس بات کو یقینی بناسکیں کہ 2004میں کانگریس زیرقیادت یو پی اے‘ این ڈی اے کو شکست دے سکے اور پارٹی 10 سال تک اقتدار میں رہی۔ اُس وقت ہر گاؤں اور ہر شہر میں ہمارے کارکن اٹھ کھڑے ہوئے تھے۔ آج ہم کو اسی عزم اور سخت محنت کے ساتھ کام کرنا ہے تاکہ پارٹی کو آگے لے جایا جاسکے۔

اس بات کا نوٹ لیتے ہوئے کہ بی جے پی کے تمام حملے کانگریس اور انڈیا بلاک پر ہیں‘ انہوں نے کہا کہ این ڈی اے صرف برائے نام ہے جبکہ انڈیا بلاک میں اہم بنیادی سطح کی جماعتیں ہیں جو مضبوط کیڈر اور آئیڈیالوجی رکھتی ہیں۔ مودی حکومت پر یہ الزام عائد کرتے ہوئے کہ وہ جدید ہندوستان کی تخلیق کے لئے کانگریس کی حصہ داری کو نظرانداز کرنے کی مسلسل کوشش کررہی ہے‘ انہوں نے کہا کہ ہمیں ان کو ٹھوس جواب دینا ہوگا۔

انہوں نے کیڈر سے کہا کہ وہ پارلیمانی جمہوریت اور جدید ہندوستان کی بنیادوں کے لئے کانگریس کی جانب سے ادا کئے گئے حصہ کو ہمیشہ یاد رکھے۔ ”کیوں کہ جو لوگ تاریخ کو فراموش کردیتے ہیں وہ تاریخ رقم نہیں کرسکتے“۔ انہوں نے کہا کہ ہم دن رات کام کرتے ہوئے 2024 کے لوک سبھا انتخابات کے بعد عوام کو متبادل حکومت فراہم کرسکیں گے۔

انہوں نے کہا کہ اپنے اختلافات کو درکنار کردیں۔داخلی مسائل کو میڈیا میں نہ اٹھائیں اور کانگریس کی فتح کو یقینی بنانے ٹیم کے طورپر کام کریں۔ ملک بھر کے سینئر کانگریس قائدین نے آنے والے لوک سبھا انتخابات کے لئے پارٹی کی حکمت عملی‘ دیگر جماعتوں کے ساتھ نشستوں کی تقسیم‘ 14 جنوری سے شروع ہونے والی بھارت نیائے یاترا کی تیاریوں کے بارے میں غور کیا۔

کھرگے نے یہاں پارٹی ہیڈکوارٹرس پر پارٹی جنرل سکریٹریز‘ ریاستی انچارجس‘ ریاستی یونٹ کے صدور اور کانگریس لیجسلیچر پارٹی قائدین کا اجلاس منعقد کیا۔ سابق پارٹی صدر راہول گاندھی بھی موجود تھے۔ دسمبر میں کھرگے کی جانب سے کئے گئے ردوبدل کے بعد یہ نومنتخبہ پارٹی قائدین کی پہلی میٹنگ تھی۔



ہمیں فالو کریں

Google News

[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *