شعبہ آبپاشی پر وائٹ پیپر جاری کیاجائے گا:ریونت ریڈی

[]

حیدرآباد: چیف منسٹر اے ریونت ریڈی نے کہاکہ شعبہ آبپاشی میں کی گئی بدعنوانیوں اور بے قاعدگیوں سے عوام کو واقف کرانے کے لیے شعبہ آبپاشی پر وائٹ پیپر جاری کیاجائے گا۔

انہوں نے کہاکہ حکومت نے بی آر ایس دور حکومت میں بے قاعدگیوں میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی شروع کردی ہے اور ان سے لوٹی گئی رقم واپس حاصل کی جائے گی۔ ریونت ریڈی نے کہاکہ بی آر ایس دور میں تباہی کی نذر کردی گئی ریاست کی معیشت کو بحال کرنے کے لیے کوششوں کاآغاز کردیاگیا ہے۔

عوام کے سامنے ریاست کی مالی موقف اور برقی صورتحال کے متعلق وائٹ پیپرس جاری کئے جاچکے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ عوام کے تعاون و اشتراک سے ریاست میں پرجا پالانا کاآغاز عمل میں لایاجاچکاہے ہم نے پرگتی بھون اور دیگر عوامی اداروں کے قریب موجود آہنی رکاوٹوں کو دور کردیاہے۔

عوام کو حکومت میں شراکت داری کاموقع فراہم کیاجارہاہے۔ حکومت نے عوام سے جمہوریت بحال کرنے کے اپنے وعدے کو پورا کردیا ہے۔ ہم ریاست کے ہر شہری تک فلاحی اسکیمات کی فراہمی کو یقینی بناتے ہوئے تلنگانہ کو ملک بھر میں نمبر ایک ریاست کے طور پر ترقی دیں گے۔

انہوں نے حکمرانی نظام میں انسانیت نوازی کو اختیار کرنے کی ضرورت ظاہر کرتے ہوئے کہاکہ اس سلسلہ میں حکومت ضروری اقدامات کرے گی۔

ریونت ریڈی نے کہاکہ حکمرانی نظام سے مایوس اور ناامید عوام میں اعتماد بحال کرنا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے اور تلنگانہ کو دولت مند خوشحال ریاست کے ہار میں تبدیل کرنا کانگریس حکومت کا مقصد ہے اور اس مقصد کو بہر صورت پورا کیاجائے گا۔



[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *