[]
حیدرآباد: شہر حیدرآباد میں تلنگانہ کی کانگریس حکومت کی 6ضمانتوں کے سلسلہ میں عوام سے درخواستوں کی وصولی کا عمل جاری ہے۔
شہریوں کی بڑی تعداد 150 ڈویژنوں میں قائم 600 مراکز پر اپنی درخواستیں جمع کرا رہی ہے لیکن بعض مقامات پر درخواستیں نہ ملنے کی وجہ سے عوام برہمی کا اظہار کر رہے ہیں۔
شدید سردی کے باوجود صبح تقریبا 7بجے سے برقعہ پوش خواتین طویل قطاروں میں درخواست فارمس کی وصولی کیلئے نظرآرہی ہیں جن کا کہنا ہے کہ محدود تعداد میں ہی درخواستوں کے ملنے کی وجہ سے ان کو مشکل صورتحال کا سامنا ہے اور وہ صبح میں اپنے گھریلو کام کاج چھوڑ کر قطار میں ٹہرنے پر مجبور ہیں۔
کانگریس حکومت کی مہالکشمی اسکیم کے تحت ہر ماہ خاتون کو 2,500/- روپے کی مالی امداد فراہم کی جائے گی، 500/- روپے میں گیاس سلنڈر دیا جائے گا۔اندرماں مکانات اسکیم کے تحت بے گھر خاندان مستفید ہوسکتے ہیں۔ انہیں مکان کی تعمیر کے لئے 5 لاکھ روپے تک امداد فراہم کی جائے گی۔
اس کے علاوہ تلنگانہ کے لئے شہید ہونے والوں اور تلنگانہ کی تحریک میں حصہ لینے والوں کو 250 مربع گز امکنہ اراضی بھی اس اسکیم کے تحت فراہم کی جائے گی۔ گروہا جیوتی اسکیم کے تحت ہر خاندان کو 200یونٹ تک مفت بجلی فراہم کی جائے گی۔
درخواست گذار کی جانب سے ہر ماہ استعمال ہونے والی بجلی یونٹ کی تعداد کو ٹک کرنا ہوگا۔چیوتا اسکیم کے تحت معمرین اور دیگر افراد کو 4 ہزار روپے اور معذورین کو 6ہزار روپے کا ہر ماہ وظیفہ دیا جائے گا۔ پہلے سے آسرا اسکیم کے تحت وظائف حاصل کرنے والوں کو دوبارہ اس کے لئے درخواست دینے کی ضرورت نہیں ہے۔ صرف نئے درخواست گذار ہی اس کے لئے درخواستیں دے سکتے ہیں۔ معذورین کو سدرم سرٹیفیکیٹ کا نمبر درج کرنا ہوگا۔