[]
مختلف راشن شاپ مالکان کی تنظیم آل انڈیا فیئر پرائس شاپ اونرز ایسوسی ایشن (اے آئی ایف پی ایس او اے) نے جمعہ کو 2 جنوری سے ملک بھر میں غیر معینہ مدت کی ہڑتال کی کال دی ہے
کولکاتا: مختلف راشن شاپ مالکان کی تنظیم آل انڈیا فیئر پرائس شاپ اونرز ایسوسی ایشن (اے آئی ایف پی ایس او اے) نے جمعہ کو 2 جنوری سے ملک بھر میں غیر معینہ مدت کی ہڑتال کی کال دی ہے۔ ایسوسی ایشن نے اگلے منگل سے غیر معینہ ہڑتال کی کال کی حمایت میں جمعہ سے کولکاتا میں احتجاج شروع کر دیا ہے۔ اسوسی ایشن کے ممبران 15 جنوری کو دہلی کے رام لیلا میدان میں ایک کانفرنس کا بھی اہتمام کریں گے تاکہ اپنے مطالبات پر زور دیا جا سکے۔
اے آئی ایف پی ایس او اے کے جنرل سکریٹری وشومبھر باسو نے جمعہ کو نامہ نگاروں کو بتایا کہ کل 538000 فیئر پرائس شاپ مالکان اگلے منگل (2 جنوری) سے غیر معینہ مدت کی ملک گیر ہڑتال میں حصہ لیں گے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ہمارا بنیادی مطالبہ ایڈوانس کمیشن ہے۔ یہ ہمارا ایک عرصے سے مطالبہ ہے۔ غیر معینہ ہڑتال پر جانا راتوں رات لیا جانے والا فیصلہ نہیں ہے۔ لیکن ہماری اپیلیں بار بار مسترد کی گئیں، اس لیے بالآخر ہم نے ہڑتال کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
انہوں نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ فیئر پرائس شاپ مالکان کو مظاہرے کو جاری رکھنے کے لیے اپنی جیب سے پیسہ خرچ کرنا پڑتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ غیر معینہ مدت تک جاری نہیں رہ سکتا۔ ہم نے اپنے جائز مطالبات کو لے کر مرکزی اور ریاستی حکومتوں سے رابطہ کیا ہے۔ تاہم ہمیں کسی کی طرف سے کوئی مثبت جواب نہیں ملا۔
وشومبھر باسو نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ مغربی بنگال میں منصفانہ قیمت کی دکانوں کے مالکان کو پبلک ڈسٹری بیوشن سسٹم (پی ڈی ایس) کنٹرولر کے نام پر ذہنی تشدد کا نشانہ بنایا جاتا ہے۔ باسو نے دعویٰ کیا، ’’ریاست میں راشن کی تقسیم کے نظام میں بدعنوانی کو چھپانے کے لیے مناسب قیمت کی دکانوں کے مالکان کو قربانی کا بکرا بنایا جا رہا ہے۔‘‘
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
;