[]
نئی دہلی: دہلی پولیس نے لکھنو پولیس سے سیکل والے اُس موچی کا پتہ چلانے کے لئے مدد مانگی ہے جس نے پارلیمنٹ سیکوریٹی چُوک کیس کے ملزمین ساگر شرما اور ڈی منورنجن کے جوتوں میں اسموک کنستر رکھنے کے لئے خانے بناکر دیئے تھے۔
پولیس اس موچی کو کیس میں گواہ بنانا چاہتی ہے۔ دہلی پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ ساگر شرما نے پہلے خود کوشش کی اور ناکام رہنے کے بعد موچی کی مدد لی جو سیکل پر لکھنو کے عالم باغ علاقہ میں آیا کرتا تھا۔ دہلی پولیس ٹیم اس موچی کو ڈھونڈنے چند دن قبل لکھنو جاچکی ہے۔
ساگر شرما نے تحقیقاتی عہدیداروں کو بتایا کہ اس نے اپنے مکان کے قریب کی دکان سے 595 روپے والے 2 جوڑ جوتے خریدے تھے اور خانے بنانے موچی کی مدد لی تھی جو سیکل پر عالم باغ آیا کرتا تھا۔
دہلی پولیس‘ لکھنو میں اس موچی کو ڈھونڈ نہیں سکی۔ اس نے عالم باغ میں کئی موچیوں سے پوچھ تاچھ کی لیکن کوئی سراغ نہیں ملا۔ وہ اب لکھنو پولیس سے مدد لے رہی ہے۔ دہلی پولیس نے لکھنو کے عالم باغ علاقہ میں رام نگر سے ساگر شرما کے مکان سے جوتوں کا ایک جوڑ‘ ڈائری اور مجاہد آزادی بھگت سنگھ پر لکھی کتابیں برآمد کیں۔
ساگر شرما کے گھر والوں نے تحقیقاتی عہدیداروں کو بتایا کہ وہ بھگت سنگھ کا پرستار ہے۔ 12 ویں جماعت میں تعلیم ادھوری چھوڑدینے والا ساگر شرما لکھنو میں ای رکشا چلاتا تھا۔ اس کا باپ روشن لال شرما بڑھئی ہے اور ماں گرہست خاتون ہے۔