[]
یروشلم: اسرائیلی انتہا پسندوں نے مقبوضہ مشرقی یروشلم میں مسلمانوں کے تاریخی قبرستان کو بھی نہ بخشا۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق مقبوضہ مشرقی یروشلم کے نوآباد اسرائیلی انتہا پسند نے مسجد اقصیٰ کے احاطے سے متصل مسلمانوں کے تاریخی قبرستان میں ایک قبر پر گدھے کا سر لٹکا دیا۔
تاکہ مسلمانوں کی دل آزاری کی جائے۔میڈیا رپورٹس میں اس حوالے سے بتایا گیا ہے کہ مقبوضہ مغربی کنارے میں اسرائیلیوں اور مسلمانوں کے درمیان کشیدگی مزید بڑھ گئی ہے، اسی اثنا میں مسلمانوں کے تاریخی قبرستان کی بے حرمتی کا یہ واقعہ گزشتہ روز رونما ہوا ہے۔یروشلم کے گورنر کے ترجمان کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ باب الرحمہ قبرستان پر اسرائیلی انتہا پسند نے حملہ کرکے قبر پر گدھے کا سر لٹکاکر اس کی بے حرمتی کی ہے۔
میڈیا ذرائع کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ یہ قبرستان مسجد اقصیٰ کمپلیکس سے متصل ایک ایسے مقام پر واقع ہے جو مسلمانوں اور یہودیوں دونوں کے لیے مقدس ترین جگہ ہے۔
واضح رہے کہ باب الرحمہ مسلمانوں کا ایک قدیم قبرستان ہے، اس قبرستان میں نبی آخر زماں حضرت محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے قابل ذکر صحابہ کی متعدد قبور بھی موجود ہیں، یہ قبرستان 1,400 سال سے زائد عرصے سے ایک وقف زمین پر قائم ہے۔
اس علاقے کو یہودیوں کی جانب سے‘ٹیمپل ماؤنٹ’کا نام دیا گیا ہے، ساتھ ہی یہ دعویٰ بھی کیا جاتا ہے کہ یہ قدیم زمانے میں دو یہودی مندروں کی جگہ تھی۔