[]
ایک رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ ہاردک پانڈیا اپنی چوٹ کی وجہ سے طویل وقت تک کرکٹ سے دور رہیں گے، ان کا افغانستان کے خلاف جنوری میں ہونے والی ٹی-20 سیریز میں بھی کھیلنا ممکن نظر نہیں آ رہا۔
ہندوستان کے مایہ ناز آل راؤنڈر کرکٹر اور حال ہی میں ممبئی انڈینز کے کپتان بنے ہاردک پانڈیا سے متعلق ایک بڑی خبر سامنے آ رہی ہے۔ کہا جا رہا ہے کہ ہاردک کا آئی پی ایل 2024 میں کھیلنا مشکل ہے۔ ایسا اس لیے کیونکہ انھیں ایڑی میں لگی چوٹ کافی سنگین ہے اور ان کا آئی پی ایل سے پہلے فِٹ ہونا مشکل لگ رہا ہے۔ اگر واقعی ہاردک پانڈیا وقت پر فِٹ نہیں ہو پائے تو ممبئی انڈینز کے لیے یہ ایک شدید جھٹکا ہوگا۔ ممبئی انڈینز کے سامنے سب سے بڑا سوال یہ ہوگا کہ روہت شرما کو کپتانی سے ہٹا کر ہاردک پانڈیا کو کپتان بنائے جانے کے بعد دوبارہ روہت کی طرف بڑھا جائے یا نہیں؟ دیکھنے والی بات یہ بھی ہوگی کہ روہت شرما ہاردک پانڈیا کی غیر موجودگی میں کپتانی کرنا قبول کریں گے یا نہیں!
بہرحال، ایک رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ ہاردک پانڈیا اپنی چوٹ کی وجہ سے طویل وقت تک کرکٹ سے دور رہیں گے۔ وہ افغانستان کے خلاف جنوری میں ہونے والی ٹی-20 سیریز کے علاوہ آئی پی ایل 2024، جو مارچ سے مئی تک کھیلا جائے گا، سے بھی دور ہو سکتے ہیں۔ یعنی ابھی ہاردک کی واپسی میں 4 ماہ کا وقت لگ سکتا ہے۔ ایسا بھی ممکن ہے کہ وہ آئی پی ایل 2024 کے شروعاتی کچھ میچوں میں دستیاب نہ ہوں اور بعد میں ٹیم کے ساتھ جڑ جائیں۔ اگر آئی پی ایل میں ہاردک پانڈیا کا کھیلنا ممکن نہیں ہو سکا، تو پھر ہندوستانی کرکٹ شیدائیوں کی یہی دعا ہوگی کہ وہ ٹی-20 عالمی کپ 2024 تک ضرور فٹ ہو جائیں جو کہ جون میں کھیلا جائے گا۔
قابل ذکر ہے کہ پی ٹی آئی کی رپورٹ میں بھی یہ بات کہی گئی تھی کہ ہاردک پانڈیا افغانستان سیریز تک فٹ نہیں ہو پائیں گے۔ حالانکہ ابھی بی سی سی آئی یا ممبئی انڈینز کی طرف سے ہاردک کی فٹ نس پر کوئی آفیشیل اَپڈیٹ نہیں دیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ وَنڈے عالمی کپ 2023 میں بنگلہ دیش کے خلاف اپنی ہی گیندبازی میں ایک گیند کو روکتے ہوئے ہاردک پانڈیا کے پیر میں چوٹ لگی تھی، جس کے بعد سے وہ کرکٹ سے دور ہیں۔ ہاردک کو درمیان میں ہی عالمی کپ چھوڑنا پڑا تھا، پھر وہ اپنی فٹ نس حاصل کرنے میں لگ گئے۔ پہلے یہ امید کی جا رہی تھی کہ وہ آئی پی ایل 2024 میں واپسی کر سکتے ہیں، لیکن اب اس پر بھی اندیشے کے بادل منڈلا رہے ہیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
;