[]
نئی دہلی۔ ملک کی چند ریاستوں اور مرکزی زیر انتطام علاقوں میں کووڈ 19 کے کیسس میں حالیہ اضافہ اور ملک میں کووڈ اُنیس کی نئی قسم جے این وَن کا پہلا معاملہ سامنے آنے کے بعد مرکزی حکومت نے چوکسی اختیار کی ہے۔ ہیلتھ سکریٹری سدھانش پنت نے ریاستوں اور مرکزی زیر انتطام علاقوں کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے ملک میں کووڈ اُنیس کی صورتحال پر لگاتار نظر رکھنے کی ہدایت دی ہے۔
انہوں نے کہا کہ مرکز اور ریاستی حکومتوں کے مابین لگاتار تال میل کے ذریعہ ہم کووڈ معاملوں کو کم رکھنے میں کامیاب رہے ہیں لیکن کووڈ اُنیس وائرس موجود ہے اور ہندوستان کی موسمیاتی خصوصیات کے ساتھ اس کا رجحان طے ہو گیا ہے۔ لہذا صحت عامہ کے چیلنجوں سے نمٹنے کے لئے کوششیں جاری رکھنا اہم ہے۔
مرکزی ہیلتھ سکریٹری نے کووڈ اُنیس پر قابو پانے اور اس کے بندوبست کے لئے در ج ذیل حکمت عملی کا مشورہ دیا ہے۔
1.آنے والے تہواروں کو دیکھتے ہوئے ریاستوں کو ہدایت دی گئی ہے کہ بیماری پھیلنے کی روک تھام کے اقدامات کریں۔
2. ریاستوں سے کہا گیا ہے کہ صحت اور خاندانی بہبود کی وزارت کی جانب سے کووڈ اُنیس کی روک تھام کے نظرثانی شدہ رہنمایانہ خطوط پر سختی سے عمل کریں۔
3.ریاستوں سے کہا گیا ہے کہ انفلوئنزا جیسی بیماری آئی ایل آئی اور شدید سانس کی تکلیف (ایس اے آر آئی) کے ضلع وار معاملوں پر نظر رکھیں اور ان کی رپورٹ کریں۔
4.ریاستوں کو صلاح دی گئی ہے کہ کووڈ اُنیس کی جانچ کے رہنما خطوط کے مطابق تمام اضلاع میں مناسب تعدا د میں جانچ کرائی جائے۔
5.ریاستیں آر ٹی -پی سی آر ٹیسٹ کی تعدا د بڑھائیں اور پوزیٹیو نمونوں کو این ایس اے سی او جی لیباریٹریوں کو بھیجیں۔
6.ریاستیں اس بات کو یقینی بنائیں کہ مرکزی وزارت صحت کی جانب سے ہونے والی مشق میں تمام سرکاری اور پرائیویٹ اسپتال وغیرہ حصہ لیں۔
7.ریاستوں سے یہ بھی کہا گیا ہے کہ کووڈ اُنیس کے بندوبست کے لئے کمیونٹی کی مدد بھی لی جائے اور لوگوں کو سانس سے متعلق حفظان صحت کے بارے میں آگاہ کرایا جائے۔