[]
نئی دہلی: کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے اور پارٹی کے سابق صدر راہل گاندھی نے کیرالہ کے سابق وزیر اعلیٰ اومن چانڈی کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے سوگوار خاندانوں سے تعزیت کا اظہار کیا۔
مسٹر کھڑگے نے ٹویٹ کیا، ’’عوامی لیڈر کے طور پر ہمیشہ لوگوں کی خدمت کے لئے تیار قدآور لیڈر اورکیرالہ کے سابق وزیراعلیٰ اور ایک کٹر کانگریسی اومن چانڈی کو میری عاجزانہ خراج عقیدت۔
ان کی دور اندیش قیادت کی شخصیت اور غیر متزلزل عزم نے کیرالہ کی ترقی اور ملک کے سیاسی منظر نامے پر انمٹ نقوش چھوڑے ہیں۔
انہیں عوام اور عوامی خدمت کے لیے ان کی غیر معمولی لگن کے لیے ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ ان کے اہل خانہ اور حامیوں سے دلی تعزیت۔
مسٹر گاندھی نے کہا، ’’اومن چانڈی جی ایک مثالی اورزمینی سطح کے کانگریس لیڈر تھے۔ کیرالہ کے لوگوں کے لیے ان کی زندگی بھر کی خدمات کے لیے انہیں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
ہم انہیں بھلا نہیں سکیں گے۔ ان کے تمام چاہنے والوں سے میری تعزیت۔
غور طلب ہے کہ مسٹر چانڈی کا آج صبح انتقال ہوگیا۔ ان کی عمر 80 سال تھی۔ وہ دو بار کیرالہ کے وزیر اعلیٰ رہے۔ کچھ دنوں سے بیمار مسٹر چانڈی بنگلورو کے ایک اسپتال میں زیر علاج تھے۔