پرینکا گاندھی کی جانب سے غزہ میں جنگ بندی کیلئے عالمی ہڑتال کی حمایت

[]

مہر خبررساں ایجنسی نے بھارتی نیوز ایجنسی دے انقلاب کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ بھارتی کانگریس کی جنرل سیکریٹری پرینکا گاندھی نے غزہ میں اسرائیلی مظالم کے خلاف ایک بار پھر آواز بلندکرتے ہوئے اس کیلئے عالمی ہڑتال کی حمایت کی ہے۔

انہوں نے فوری جنگ بندی کے مطالبے کے ساتھ  سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘پر سیز فائر ناؤ( اب جنگ بند ہو) کے ہیش ٹیگ کے ساتھ  شروع کی گئی تحریک میں شرکت کرتے ہوئے اپنے پوسٹ میں کہا کہ ’’غزہ میں فلسطینی عوام اور ان کے بچوں کے قتل عام کو روکنے کیلئے غزہ میں جنگ بندی کا مطالبہ کرتے ہوئے آج۱۱؍ دسمبر۲۰۲۳ء کوعالمی ہڑتال میں شرکت کریں۔ ہم سب کو اُن کے ساتھ ہونے والی ہولناک ناانصافی کے خلاف آواز بلند کرنی چاہیے۔‘‘

 واضح رہے کہ پرینکا گاندھی کئی بار غزہ پر اسرائیلی مظالم کے خلاف صدائے احتجاج بلندکر چکی ہیں۔ گزشتہ ہفتے انہوں نے کہا تھا کہ ایسے وقت میں جبکہ اسرائیل غزہ پر اپنے حملوں میں  شدت پیدا کررہاہے،  عالمی برادری کا رُکن ہونے کی حیثیت سے عالمی برادری کی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ صحیح کے ساتھ کھڑا ہو۔

انہوں نے کہا کہ ’’جلد از جلد جنگ بندی کو ممکن بنانے کیلئے ہمیں وہ سب کچھ کرنا چاہئے جو ممکن ہے۔‘‘ اس سے قبل کانگریس صدر ملکارجن کھرگے بھی غزہ میں فوری جنگ بندی کا مطالبہ کرچکے ہیں۔ 

[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *