[]
امراوتی: ایک صدمہ انگیز واقعہ میں آندھراپردیش کے وجئے واڑہ میں گرلز ہائی اسکول کی 3 طالبات کو جو اپنی کلاس روم میں اسٹیل کی بنچ پر بیٹھی ہوئی تھیں، جان بوجھ کر بار بار برقی شاک دینے کے واقعہ میں دو الیکٹریشن کو ملوث پایاگیا۔
ان دوالیکٹریشن نے ازرہ مذاق، اسٹیل بنچ پر بیٹھی تین طالبات کو جان بوجھ کر بار بار برقی شاک دیئے۔
پولیس نے ان دونوں کو گرفتارکرلیا۔ پولیس نے بتایاکہ ایڈوپوگلا گاؤں میں ضلع پریشد اسکول میں یہ واقعہ پیش آنے کے بعد ایک طالبہ بے ہوش ہوگئی جبکہ دو طالبات علیل ہوگئیں۔ ان تین طالبات کو علاج کیلئے ہاسپٹل لے جایاگیا جہاں ہفتہ کے روز انہیں ڈسچارج کردیا گیا۔
ملزمین کی شناخت 30 سالہ ایم سوری بابو اور 45 سالہ وجئے شیکھر کے طورپر کی گئی۔ دونوں کنکی پاڈو مقام کے متوطن بتائے گئے۔ ان دونوں نے پولیس کو بتایاکہ دل لگی(مذاق) کیلئے انہوں نے یہ حرکت کی۔
الیکٹریکل آؤٹ لیٹ کی مرمت کیلئے اسکول انتظامیہ نے ان دونوں کی خدمات حاصل کی تھیں۔ ملزم سوری بابو، ساکٹس کو تبدیل کرتے وقت برقی تاروں کو جس میں برقی روبہہ رہی ہوتی ہے، اسٹیل بنچ سے جوڑدیتا تھا جس کے سبب اس بنچ پر موجود تین طالبات کو برقی شاک لگے۔
ملزم الیکٹریشنس نے بار بار یہ حرکت کی اور جب برقی شاک سے ان طالبات کو تکلیف ہوتی تب یہ دونوں اس سے لطف اندوز ہوتے۔ ان تین میں سے ایک طالبہ، اسکول کے احاطہ میں گر پڑی۔ ان لڑکیوں نے اپنے والدین کو اس بارے میں بتایا۔ لڑکیوں کے والدین کی شکایت پر پولیس نے کیس درج کرلیا۔