[]
علیگڑھ: اتر پردیش میں پولیس اسٹیشن کے اندر پولیس افسر کے پستول سے چلنے والی گولی خاتون کو لگ گئی۔ واقعہ کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آگئی۔
یہ واقعہ علیگڑھ میں پیش آیا جہاں کوٹ کوتوالی کے علاقہ میں پولیس اسٹیشن کے اندر 50 سالہ خاتون عشرت اپنے پاسپورٹ کی انکوائری میں تھانے آئی ہوئی تھیں۔ وہ عمرہ پر جانا چاہتی تھیں تاہم انہیں پولیس نے پولیس اسٹیشن بلایا تھا۔
وہ اپنے ایک رشتہ دار کے ساتھ پولیس اسٹیشن پہنچیں جہاں انسپکٹر منوج شرما سے بندوق چل گئی اور گولی سیدھا خاتون کے سر میں جالگی جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہوگئیں۔ انہیں فوری طور پر علاج کے لئے جواہر لال نہرو اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ان کی حالت تشویش ناک بتائی جاتی ہے۔
خاتون کے افراد خاندان کا کہنا ہے کہ بھارتی پولیس پاسپورٹ کا این او سی دینے کےلیے خاتون سے رشوت مانگ رہی تھی اور ان کی پولیس اسٹیشن میں پولیس سے تلخ کلامی ہوئی تھی۔
واقعہ میں ملوث انسپکٹر منوج شرما کو معطل کرکے اس کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے تاہم وہ فرار ہے اور تاحال قانون کی گرفت سے باہر ہے۔