[]
حیدرآباد: تلنگانہ اسمبلی انتخابات میں بی جے پی کے 8 امیدواروں نے کامیابی حاصل کی۔اب ایسا لگتا ہے کہ یہ تمام اراکین نے ہفتہ سے شروع ہونے والے اسمبلی اجلاس سے دور رہنے کا فیصلہ کیا ہے۔
گوشہ محل کے ایم ایل اے راجہ سنگھ نے پہلے ہی اعلان کیا ہے کہ اگر مجلس ایم ایل اے اکبر الدین اویسی کو عبوری اسپیکر بنایا جاتا ہے تو وہ حلف برداری تقریب سے دور رہیں گے۔
راجہ سنگھ نے واضح کیا کہ وہ ایم ایل اے کے طور پر صرف اسی صورت میں حلف لیں گے جب عبوری اسپیکر کے طور پر کوئی دوسرا قائد فرائض انجام دیگا۔
راجہ سنگھ نے کہا کہ وہ مکمل اسپیکر کے انتخاب کے بعد ہی ایم ایل اے کے طورپر حلف لیں گے۔
دوسری جانب ہفتہ کو بی جے پی تلنگانہ کے صدر اور مرکزی وزیرجی کشن ریڈی بی جے پی کے نئے منتخب 8 ایم ایل ایز سے ملاقات کریں گے۔
بی جے پی ممبران اسمبلی سے کہا گیا کہ ہفتہ کی صبح 8 بجے پارٹی دفتر میں موجود رہیں۔
اجلاس میں بی جے پی کے قائد مقنّنہ کا انتخاب کیا جایگا۔ راجہ سنگھ اور ایلیٹی مہیشور ریڈی فلور لیڈر کی دوڑ میں شامل ہیں۔
دوسری طرف بی جے پی میں جاری مباحث کے مطابق کاماریڈی میں بی آر ایس سربراہ، سابق چیف منسٹر کے سی آر اور چیف منسٹر ریونت ریڈی کے خلاف کامیابی درج کرانے والے وینکٹ رمنا ریڈی کے نام پر بھی ہائی کمان غور کر رہی ہے۔